جیو نیوز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر زبیر انجم گھر پہنچ گئے

June 07, 2023

فائل فوٹو

جیو نیوز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر زبیر انجم گھر پہنچ گئے، بھائی وجاہت انجم کا کہنا ہےکہ زبیر خیریت سے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب ماڈل کالونی کے رہائشی زبیر انجم کے اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ 2 پولیس موبائلیں اور ڈبل کیبن گاڑیوں میں افراد زبیر کو ساتھ لے گئے تھے۔

زبیر انجم کے بھائی وجاہت انجم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پولیس اور سادہ لباس اہلکار اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے، زبیر انجم کے بارے میں معلوم کیا اور انہیں اسلحے کے زور پر ساتھ لے کر چلے گئے تھے۔

اہلکار زبیر انجم کا موبائل فون اور پڑوس میں لگے کیمروں کی ڈی وی آر بھی اپنے ساتھ لے گئے، پولیس والوں نے گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں بتائی تھی۔

دوسری جانب ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈا) نے زبیر انجم کی جلد اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا تھا۔