گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں آٹزم سینٹر کے قیام کا فیصلہ

June 07, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب صائمہ سعید نے کہا ہے کہ گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ملتان میں آٹزم سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا، اس سلسلہ میں متعلقہ ٹیچرز کی ٹریننگ بھی کروائی جائے گی، گورنمنٹ سکول آف سپیشل ایجوکیشن متاثرہ سماعت گرلز ملتان کی عمارت کی تعمیر و مرمت کی جائے گی، گورنمنٹ سکول آف سپیشل ایجوکیشن برائے متاثرہ سماعت بوائز ملتان میں ووکیشنل کورسز کو مزید بہتر کہا جائے گا، گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن ڈگری کالج کے سلیبس میں ٹیکینکل کورسز کو اہمیت دی جائے، خصوصی بچے ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، والدین انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے سپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں داخل کروائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب کے زیرانتظام چلنے والے سپیشل ایجوکیشن سکولز کے دورہ و معائنہ کے موقع پر کیا، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب نے سکول سربراہان کو ہدایات دیں کہ خصوصی طلبہ کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مفت سہولتیں بروقت مہیا کی جائیں۔