ملتان (سٹاف رپورٹر) رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 148 اور پی پی 213 میں سیلاب سے متاثرہ عوام میں سرد موسم کے پیش نظر گرم کپڑے اور کمبل 500 مستحق سیلاب متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کئے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید علی قاسم گیلانی نے کہا کہ سیلاب ایک قدرتی آفت ہے جس نے ہزاروں خاندانوں کو شدید متاثر کیا ہے، اور ایسے کٹھن حالات میں متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہماری اخلاقی، انسانی اور قومی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ سیلاب کے آغاز سے ہی وہ مسلسل متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور عوام کو درپیش مسائل کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔سید علی قاسم گیلانی نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے راشن، خیموں اور دیگر ضروری اشیائے ضرورت کی فراہمی بھی جاری ہے اور یہ امدادی سلسلہ آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہے گا، انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے مرحلے میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے لوڈر رکشے مہیا کیے جائیں گے جبکہ جن خاندانوں کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، ان کے لیے نئے گھروں کی تعمیر بھی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ جس طرح راشن اور امدادی سامان کی تقسیم میں تعاون کیا گیا، اسی طرح متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی تعمیر کے لیے بھی بھرپور مدد کی جائے۔سید علی قاسم گیلانی نے لوگوں سے ان کے مسائل بارے استفسار کیا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقم نہ ملنے والی خواتین کے مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان خواتین کی جلد از جلد ویری فکیشن مکمل کر کے ان کا حق دلایا جائے۔