ملتان (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام بلدیاتی ایکٹ 2025 کے خلاف احتجاجی دھرنا آج اتوار سہ پہر 3 بجے نواں شہر چوک، ملتان میں دیا جائے گا۔ احتجاجی دھرنے سے امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر خطاب کریں گے،ترجمان کے مطابق وہ بلدیاتی ایکٹ 2025 کے عوام دشمن اور غیر جمہوری پہلوؤں کو بے نقاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مؤقف کی وضاحت کریں گے،جماعت اسلامی بلدیاتی ایکٹ 2025 کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیتی ہے، مجوزہ قانون میں پارٹی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کا واضح نظام موجود نہیں، جس کے باعث ہارس ٹریڈنگ کے دروازے مزید کھل جائیں گے،اسی طرح کونسلرز کی مخصوص نشستوں پر نمائندوں کا عوام کے براہ راست ووٹ سے انتخاب نہ ہونا عوامی رائے کی نفی ہے، بلدیاتی ایکٹ میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے براہ راست انتخاب کا حق بھی عوام سے چھینا جا رہا ہے، جبکہ ضلعی حکومت اور بااختیار مقامی نظام کو عملاً ختم کر دیا گیا ہے، جو اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے بنیادی اصول کے خلاف ہے۔،احتجاجی دھرنے کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی کریں گے۔