ملتان (سٹاف رپورٹر) رکن قومی اسمبلی، چیف وہپ اور پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے رکن ملک محمد عامر ڈوگر نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو سنائی گئی سزاؤں کو مسترد کرتے ہوئے اس کیس کو من گھڑت اور سیاسی انتقام قرار دیا ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 17، 17 سال قید کی سزائیں انصاف کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور اس فیصلے سے واضح ہو جاتا ہے کہ مقصد انصاف نہیں بلکہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانا ہے،ملک محمد عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو 2022 میں اقتدار سے ہٹانے کے بعد مسلسل جھوٹے مقدمات میں الجھایا جا رہا ہے، یہ سزا بھی اسی سیاسی انجینئرنگ کا حصہ ہے۔