چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر جہانگیر ترین کا جواب

June 08, 2023

سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا۔

پارٹی کے قیام کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے جہانگیر ترین سے سوال کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں میں اکیلا ہی کافی ہوں؟

جس کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ تو وقت ہی بتائے گا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ ملک کو ترقی دینے کے جذبے کیلئے تحریک انصاف میں شامل ہوئے، دن رات محنت کی، بد قسمتی سے معاملات ایسے نہ چل سکے جیسے ہم چاہتے تھے، لوگ بد دل ہونے لگے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ملکی سیاست کو بدل دیا، کوئی بھی معاشرہ ایسے واقعات کو برداشت نہیں کرسکتا، ہمارے اکٹھے ہونے کا مقصد ملک کو دلدل سے نکالنا ہے۔

اس موقع پر علیم خان نے کہا کہ جہانگیر ترین نے ہم سب کو اکٹھا کرنے میں بڑے پن کا مظاہرہ کیا، ملک کو ترقی یافتہ بنانا ہے، انتشار سے دور رکھنا ہے۔

پریس کانفرنس میں علی زیدی، عمران اسماعیل، عامر کیانی، سردار تنویر الیاس، فردوس عاشق اعوان بھی شریک تھیں۔