ماحولیاتی آلودگی عالمی مسئلہ، واحد حل زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہے، رانا مشہود

June 10, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ماحولیاتی آلودگی اب ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے جس کاواحد حل زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہے، سر سبز پاکستان کے خواب کو انفرادی کوشش سے پورا کریں، ان خیالات کا اظہار سابق مشیر کھیل پنجاب و مرکزی رہنماء مسلم لیگ (ن) رانا مشہود، لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف، سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید، این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی، اقراء یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی، دیوان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب، پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کوچ محمد علی خان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن نے عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں ہائرایجوکیشن کمیشن اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن انوائرمنٹ کمیشن کے اشتراک سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن ریجنل آفس کراچی میں شجرکاری کی تقریب کے موقعے پر کیا۔ اس تقریب میں پاکستان اولمپک کے نمائندے وسیم ہاشمی، ممبر اینوائرمنٹ کمیشن تہمینہ آصف، پی او اے کے میڈیا کوآرڈینٹر آصف عظیم، سرسید یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس مبشر مختار ،ایف اینڈ اے گلوبل گروپ کے نمائندے نعمان خانزادہ، ایگری کلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام کے ڈائریکٹر اسپورٹس انوار خانزادہ، آئی بی اے سکھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس اسد حسین سمیت این ای ڈی کی کمیونیکیشن مینجر فروا حسن بھی موجود تھیں۔ اس موقعے پر رانا مشہود نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحولیات کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شہر کی ممتاز شخصیات کی شرکت اس امر کی غماز ہے کہ ہم سب اپنے شہر میں صاف ستھرا ماحول اور صحت بخش سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں ایسی تقریبات کے انعقاد سے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت پیغام جاتا ہے، شجر کاری کی اہمیت وافادیت اور شعورکو اجاگر کرنے کیلئے اس عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا ضروری ہے۔ ماحولیاتی آلودگی اب ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے جس کاواحد حل زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہے، سر سبز پاکستان کےخواب کو انفرادی کوشش سے پورا کریں۔