نوجوان بابا خیر بخش مری کی فکر و فلسفے کا مطالعہ کریں، بی ایس اوآزاد

June 11, 2023

کوئٹہ (آن لائن)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے چیئرمین درپشان بلوچ نے نواب خیر بخش مری کی نویں برسی کے موقع پر ایک بیان میں کہا کہ نواب خیر بخش مری نے اپنی پوری زندگی بلوچ قومی تحریک کو مضبوط اور کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے وقف کی، اس جدوجہد میں سخت دشواریوں کا سامنا کیا لیکن ایک انقلابی رہبر اور لیڈرکی حیثیت سے اپنی زندگی کے آخری ایام تک اپنے نظریے اور قومی فلسفے پر گامزن رہے جیل کی صعوبتیں ہو ں یا جلاوطنی کی دشوار زندگی یا بالاچ جیسے بہادر بیٹے کی شہادت، فلسفہ قربانی پر یقین رکھتے ہوئے، قوم و وطن کی مٹی کی خاطر تحریکی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انھوں نے اپنا سب کچھ فدا کردیا،موجودہ قومی تحریک کی بنیادیں مضبوط اور منظم کرنے میں بابا مری کا کردار نہایت ہی اہم ہے،چیئرمین درپشان بلوچ نے کہا کہ بابا مری ہی وہ عظیم شخصیت ہیں جنہوں نے جھوٹے اور غیرموثر پارلیمانی نظام کو مسترد کرتے ہوئے واضح اور عملی صورت پیش کی جس سے بلوچ کی نجات ممکن ہے۔ بابا مری نے نا صرف سیاسی باتیں اور تقریریں کیں بلکہ انہوں نے عملی صورت میں سامراجیت کے خلاف جدوجہد کی اور تحریک کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے عملی صورت میں سیاسی سرکلز کے ذریعے نوجوانوں کی تربیت کی اور انہیں تحریک کے حوالے سے آگہی دی،چیئرمین درپشان نے بلوچ نوجوانوں کو بابا مری کے فلسفے پر گامزن رہنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہاکہ بابا خیربخش مری کے اسکول آف تھاٹ کا بغور مطالعہ کرنا وقت حاضر کی اہم ضرورت ہے۔