• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سب سے پہلے پاکستان‘ دفاع میں آخری حد تک جائینگے‘ حافظ منیر حسین

کوئٹہ (پ ر) جمعیت علماء اسلام کے رہنما حافظ منیر حسین احمد نے کہا ہے کہ اسرائیل کا بھارت کے ساتھ ملکر پاکستانی نیو کلیئر ایٹمی پلانٹ کو ڈرونز کے ذریعے نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کی گئی ہے۔ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا پاکستان مخالف تکون مسلسل پاکستان کے خلاف سازشیں کررہا ہے، اسٹرائیکا کو روز اول سے پاکستان کا نیو کلیئر ایٹمی طاقت بننا کھٹکتا ہے۔ پاکستان کے کئی شہروں میں اسرائیلی ساختہ ڈرون کو پاک فوج نے گرا کر پاکستان مخالف تکون کو بھرپور منہ توڑ جواب دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر مشرف اگر ماضی میں امریکی ڈرون حملوں کی اجازت نہ دیتا تو آج بھارت و اسرائیل کو جرأت نہ ہوتی۔ انہوں نے کہ بھارت پاکستان پر مسلسل جارحیت کا مظاہرہ کررہا ہے قومی قیادت کو اپنے سیاسی اختلافات کو بھلا کر ایک میز پر بیٹھنا ہوگا اور پاکستان دشمنوں کا ملکر مقابلہ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے لاکھ سیاسی اختلاف کے باوجود قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن پاکستان کے دفاع اور سالمیت کے لئے ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،کیونکہ ہمارے لئے پاکستان سب سے پہلے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جارحیت کرکے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، اگر ہم پر زبردستی جنگ مسلط کی گئی تو پوری دنیا پر اس کے مضر اثرات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا دفاع ہم سب کا قومی و دینی فریضہ ہے، پوری قوم اپنی بہادر افواج کی پشت پر کھڑی ہے پاکستان اور اسلام مخالف تکون کسی خام خیالی میں نہ رہے پاکستان اپنے دفاع میں آخری حد تک جاسکتاہے۔
کوئٹہ سے مزید