• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقلیتی برادری ملکی دفاع میں ہراول دستے کا کردار ادا کریگی ، سنجے کمار

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور سنجے کمار نے کہا ہے کہ بلوچستان کی اقلیتی برادری پاک آرمی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع میں جنگ کے دوران ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی ۔ یہ بات انہوں نے بھارت کی جارحیت کے خلاف کوئٹہ میں اقلیتی برادری کی احتجاجی ریلی اور مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، ریلی آریہ سماج مندر مسجد روڈ سے پارلیمانی سیکرٹری سنجے کمار کی سربراہی میں نکالی گئی جس میں ہندو ، سکھ اور مسیحی برادری کے افراد نے شرکت کی ، ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنجے کمار نے کہا کہ بھارتی آرمی نے نہتے پاکستانیوں کا خون بہایا ہے ، شہید ہونے والوں میں بچے ، خواتین اور بزرگ شامل ہیں ۔ بلوچستان کی اقلیتی برادری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو اقلیتی برادری پاک فوج کے ساتھ ہراول دستے کا کردارادا کرے گی ، انہوں نے کاہ کہ مودی سرکار کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں آشکار ہوچکا ہے دوسری جانب انڈین میڈیا پروپیگنڈہ کررہا ہے ، مودی سرکار اور انڈین میڈیا کی منافقت دنیا کے سامنے عیاں ہے ۔ بعد ازاں ریلی واپس آریہ سماج مندر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی ۔
کوئٹہ سے مزید