• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈاتھارٹی کی کارروائی‘کچلاک بائی پاس پر آئسکریم پراسیسنگ یونٹ سیل

کوئٹہ(خ ن)صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی نور محمد دمڑ کی ہدایت پر ناقص اور ملاوٹی خوراک کے تدارک کے لئے بی ایف اے کی بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان کے مطابق کچلاک بائی پاس کے گردونواح میں قائم خوراک کے مراکز اور پروسیسنگ یونٹس کی چیکنگ کے دوران قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر ایک آئسکریم پراسیسنگ یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔ مذکورہ یونٹ میں غیر رجسٹرڈ آئسکریم اور آئس قلفیوں کی پراسیسنگ جاری تھی جن کی نہ کوئی لیبارٹری رپورٹ موجود تھی اور نہ ہی پیکنگ پر درست لیبلنگ کی گئی تھی۔ یونٹ میں فوڈ سیفٹی سے متعلق متعدد اصولوں کی خلاف ورزیاں بھی پائی گئیں۔ کارروائی کے دوران ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور سے زائدالمیعاد بسکٹ، چپس، جیلی اور بغیر مینوفیکچرنگ یا ایکسپائری تاریخ کی حامل مصنوعات برآمد کی گئیں، جنہیں ضبط کر کے اسٹور انتظامیہ کو جرمانہ عائد کیا گیا۔چشمہ اچوزئی، ایئرپورٹ روڈ اور میکانگی روڈ پر موجود ملک شاپس کا معائنہ کیا گیا، جہاں موقع پر کئے گئے ٹیسٹ کے دوران پانچ دکانوں کے دودھ میں خشک دودھ پاؤڈر اور پانی کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔ذمہ دار دکانداروں پر جرمانے عائد کئے گئے۔مزید برآں فیض محمد روڈ پر فاسٹ فوڈ کارنر، دو بیکریوں، ایک جنرل اسٹور اور دیگر مراکز کو فوڈ بزنس لائسنس نہ ہونے اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔ اسپنی روڈ پر ایک واٹر پلانٹ اور سات گوشت کی دکانوں کے خلاف بھی مختلف وجوہات پر قانونی کارروائی کی گئی۔کلی پائند کے علاقے میں ایک جنرل اسٹور، ایک بیکری اور دو ہول سیل ٹریڈرز سے ایکسپائرڈ اور پابندی عائد خوردنی مصنوعات برآمد ہوئیں جنہیں ضبط کر کے مالکان کو جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں ضلع تربت میں زونل انسپکشن ٹیم نے بی آر سی کالج تربت کی مرکزی کینٹین اور میس سمیت شہر میں میں موجود مختلف مراکز خوراک کا معائنہ کیا۔کالج کینٹین انتظامیہ کو معمولی خامیوں پر اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے جبکہ تین جنرل اسٹورز پر زائدالمیعاد اشیاء فروخت کرنے پر جرمانے عائد کئے گئے۔
کوئٹہ سے مزید