کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ کی ناکامی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈکپ کیلئے طویل مشاورت کے بعد پندرہ رکنی ٹیم منتخب کرنا چاہتا ہے۔ ٹیم کا اعلان چند دن میں متوقع ہے۔انجریز کو سامنے رکھتے ہوئے تین اضافی کھلاڑیوں کو نان پلیئنگ ممبر کی حیثیت سے ساتھ رکھنے پر غورہو رہا ہےان میں ابرار احمد،زمان خان اور محمد حارث کی شمولیت کا امکان ہے۔لاہور میں چیئرمین ذکا اشرف ٹیکنیکل کمیٹی اور دیگر اہم لوگوں سے صلاح مشورے کررہے ہیں ، مشاورتی عمل طوالت اختیار کر گیا ہے۔ حتمی سیشن جمعرات کوہوگا ۔ ذکاء اشرف نے ایشیا کپ کے فائنل سے باہر ہونے کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینےکے بعد ہی اسکواڈ کا اعلان کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریویو سیشن میں چیئرمین ذکاء اشرف دیگر اعلی عہدیداران ، کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی اور پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے اراکین نے شرکت کی ۔ مصباح الحق کراچی سے ویڈیو لنک پر شریک ہوئے۔ سیشن لگ بھگ تین گھنٹے جاری رہا ۔ بابر اعظم سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد دوبارہ ریویو سیشن میں حصہ لیں گے ۔ معاملات کو حتمی شکل دیئے جانے کے بعد قومی اسکواڈ کا اعلان ہو گا، کچھ اراکین کا خیال ہے کہ زیادہ تبدیلیاں نقصان دہ ہو سکتی ہیں، اتنی تبدیلیاں کی جائیں جو ناگزیر ہیں ۔ پاکستان کے پندرہ رکنی اسکواڈ کے ساتھ تین ریزور کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پلیئرز اور سپورٹ اسٹاف سمیت پاکستانی اسکواڈ 30 سے 32 افراد پر مشتمل ہوگا ۔ قواعد کے مطابق ہر ٹیم میں پندرہ کھلاڑیوں سمیت 23 افراد کے اخراجات آئی سی سی برداشت کرے گا جبکہ اضافی لوگوں کے اخراجات پی سی بی کے ذمے ہوں گے۔ نسیم شاہ کی ٹونامنٹ میں شرکت مشکو ک ہے ان کی جگہ تجربہ کار حسن علی لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ساتھ3اضافی کھلاڑی بھی سفر کریں گے تاہم یہ کھلاڑی سلیکشن کیلئے الیون میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ البتہ کسی انجری کی صورت میں آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی سے ان میں سے کسی کو ٹیم میں شامل کرنے کی درخواست کی جائیگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں فٹنس مسائل اور کچھ کھلاڑیوں کی خراب فارم کے باعث دو سے تین تبدیلیاں متوقع ہیں۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف باہر ہوں گے ۔ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کیلیے آئندہ ہفتے بھارت روانہ ہوگی۔ میگا ایونٹ میں گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈز سے کھیلیں گے۔ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کی ممکنہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوسکتی ہے۔ بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا، سعود شکیل، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، افتخار احمد، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، حسن علی اور اسامہ میر۔