میکسیکو، عوام کو دھمکیاں دینے والی خوفناک گڑیا ’چکی‘ کو گرفتار کر لیا گیا

September 23, 2023

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

شمالی میکسیکو کے شہر مونکلووا، کوہویلا کی پولیس کی جانب سے راہگیروں کو دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک بڑی سی خوفناک گڑیا ’چکی‘ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

1988ء کی ہارر فلم ’چائلڈز پلے‘ سے مشہور ہونے والی خوفناک گڑیا سے متعلق مقامی میڈیا کا بتانا ہے کہ اس گڑیا کو کارلوس ’این‘ نامی شخص، گڑیا کا مالک استعمال کرتا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بظاہر یہ خوفناک گڑیا سڑک کنارے لوگوں کو ڈرانے دھمکانے اور بڑا سا چاقو دکھا کر رقم کا مطالبہ کرتی تھی جبکہ اس کے پچھے اس کا مالک چھپا ہوا تھا۔

بدھ کے روز عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور کارلوس اور ’چکی‘ دونوں کو گرفتار کر لیا گیا اور انہیں ہتھکڑیاں پہنا دی گئیں۔

خوفناک گڑیا چکی اور کارلوس این پر علاقے کا امن خراب کرنے اور عوام کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد ہے۔

ہتھکڑی لگی اس کوفناک گڑیا ’چکی‘ کی تصاویر تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

مونکلووا حکام کا کہنا ہے کہ جس پولیس افسر کی جانب سے یہ گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے، اس کے بعد سے اسے اپنی ذمہ داریوں کو مناسب طریقے سے انجام نہ دینے پر اعلیٰ افسران کی جانب سے غصے اور دباؤ کا سامنا ہے۔

دوسری جانب گڑیا کو گرفتار کرنے والے پولیس افسر کا دعویٰ ہے کہ مقامی میڈیا کی درخواست پر اس نے گڑیا ’چکی‘ کو ہتھکڑی لگائی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گڑیا کے مالک کارلوس ’این‘ کو گرفتاری کے روز ہی رہا کر دیا گیا تھا جبکہ گڑیا کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے کہ آیا ’چکی‘ پولیس حراست میں ہے یا اپنے مالک کے پاس ہے۔