ڈھاکا (اے ایف پی) بنگلہ دیش نے اپوزیشن کی سب سے اہم رہنما اور دو مرتبہ وزارت عظمیٰ پر فائز رہنے والی خالدہ ضیا کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔ خالدہ ضیا کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے وکیل قیصر کمال نے حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 78 سالہ سابق وزیراعظم کو بیرون ملک جانے سے روکنا سیاسی انتقام ہے۔ سابق وزیراعظم کے ڈاکٹر نے کہا ہے کہ اگست کے اوائل سے خالدہ ضیا جگر کی بیماری، سانس لینے میں دشواری اور ذیابیطس کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کو دل کی بیماری، جوڑوں اور گھٹنے میں بھی تکلیف ہے۔ گذشتہ ماہ خالدہ ضیا کے خاندان نے حکومت کو ایک خط لکھا تھا جس میں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اپیل کی گئی تھی۔ اتوار کو وزیر قانون انیس الحق نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ان کی درخواست مسترد کر دی ہے اور جیل سے رہائی کے ایگزیکٹیو آرڈر نے انہیں سیاست میں حصہ لینے اور طبی دیکھ بھال کے لیے بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔