اسلام آباد (صالح ظافر) روسی فیڈریشن میں پاکستان کے نئے سفیر محمد خالد جمالی نے ماسکو میں اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ انہوں نے شفقت علی خان کی جگہ لی ہے جو اسلام آباد میں ہیڈ کوارٹر واپس آگئے ہیں اور انہیں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ تعینات کیا جارہا ہے۔ خالد جمالی نے اپنی اسناد کی کاپی پیش کرنے کیلئے روس کے نائب وزیر خارجہ آندرے روڈینکو سے ملاقات کی ۔ سفیر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس وقت دونوں ممالک کے تعلقات مثبت سمت پر گامزن ہیں۔ انہوں نے روسی عہدیدار کو یاد دلایا کہ روسی فیڈریشن کے ساتھ بہترین تعلقات استوار کرنا پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سفیر جمالی نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار پیدا کرنے کا عزم کیا۔ ایک اور پیش رفت میں کہا گیا ہے کہ چین میں پاکستان کے نئے سفیر خلیل ہاشمی آئندہ ماہ کے اوائل میں بیجنگ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وہ معین الحق کی جگہ لے رہے ہیں جنہوں نے اس سال کے اوائل میں ریٹائرمنٹ حاصل کی تھی لیکن ان کے متبادل کے آنے تک دفتر کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ خلیل ہاشمی جو اقوام متحدہ کے جنیوا ہیڈ کوارٹر میں پاکستان کے مستقل نمائندے تھے ان کی جگہ ڈاکٹر بلال احمد لیں گے جو دفتر خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل ہیں۔ پاکستان کے سفیر صاحبزادہ احمد خان اس ماہ کے آخر میں ریٹائرمنٹ کے بعد ہیڈ کوارٹر واپس جائیں گے۔ آرمی کے سابق کیپٹن صاحبزادہ نے فارن سروس میں توسیع میں دلچسپی نہیں دکھائی۔