سینئر سی آئی اے آفیسر کی سوشل میڈیا پر فلسطین کی حمایت

November 29, 2023

—فائل فوٹو

امریکا کی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کی ایسوسی ایٹ ڈپٹی ڈائریکٹر اینالائسز نے اپنے فیس بُک اکاؤنٹ پر فلسطین کے حق میں تصویر شیئر کر دی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سی آئی کی آفیسر نے 21 اکتوبر کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ کا کور فوٹو تبدیل کرتے ہوئے فلسطین کے حق میں تصویر پوسٹ کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق خاتون آفیسر نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ کے کور پر جو تصویر شیئر کی اس میں ایک شخص اپنے ہاتھ میں فلسطینی پرچم تھامے ہوئے نظر آ رہا تھا۔

سی آئی اے کی خاتون آفیسر کے فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تصویر— بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایجنسی کی اہم آفیسر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جانبداری ظاہر کرنے والی تصویر شیئر کرنا ایک انتہائی غیر معمولی اقدام ہے۔

اس معاملے پر سی آئی اے کا کہنا ہے کہ بطور ایجنسی ہم جس طرح کام کرتے ہیں، اس اعتبار سے ہمارے آفیسرز اپنی اینالیٹیکل آبجیکٹویٹی سے کمٹڈ ہیں۔

ایجنسی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ممکن ہے کہ کسی معاملے پر کوئی آفیسر اپنی ذاتی رائے بھی رکھتا ہو لیکن وہ رائے ان کی یا سی آئی اے کی غیر جانبداری کو بالکل بھی متاثر نہیں کرتی۔

یاد رہے کہ جو بائیڈن کو اسرائیل و فلسطین جنگ میں یک طرفہ اسرائیلی حمایت کرنے پر اپنی پوری انتظامیہ کی حمایت حاصل نہیں ہے بلکہ اس معاملے پر اُنہیں امریکی سفارت کاروں سمیت دیگر عہدے داروں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

اس سلسلے میں یو ایس ایڈ کے سینکڑوں افسران نے جنگ بندی کے لیے امریکی صدر کو خط بھی لکھا ہے جبکہ امریکی محکمۂ خارجہ سمیت مختلف محکموں کے کئی افراد نے اپنے عہدوں سے استعفے بھی دیے ہیں۔