توانائی کیلئے ایک سیب کی مثال ہوئی پرانی، کیوی نے سیب کی جگہ لےلی

February 12, 2024

کیوی پھل - فوٹو: فائل

جسم میں توانائی حاصل کرنے اور ڈاکٹر سے دور رکھنے کےلیے ایک دن میں ایک سیب کھانے کی مثال پرانی ہوگئی، اب نئے فروٹ نے اس کی جگہ لے لی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ کیوی پھل کھانے سے آپ کی گرتی ہوئی طبیعت میں بہتری آجائے گی۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ چار روز میں ایک شخص کی گرتی ہوئی طبیعت میں بہتری آجائے گی، جس کی وجہ اس سبز پھل میں وٹامن سی کی زیادہ مقدار ہونا ہے۔

وٹامن سی انسانی جسم کو توانائی فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ تاہم اس حوالے سے محققین کا ماننا ہے کہ اب وٹامن سی سپلیمنٹ سے زیادہ بہتر کیوی کھانا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی یونیورسٹی آف اوٹاگو کی ایک ٹیم نے 155 جوان افراد پر تحقیق کی جن کے جسم میں وٹامن سی کی مقدار کم تھی۔

ان افراد کو ہدایت کی گئی کہ وہ وٹامن سی سپلیمنٹ کھائیں یا پھر روزانہ دو کیوی پھل کھائیں جس کے بعد وہ اپنے موڈ، نیند کے معیار اور جسمانی سرگرمیوں میں ہونے والی تبدیلی کے حوالے سے ایک سروے میں پوچھے گئے سوالات کے ذریعے آگاہ کریں۔

برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں اس بات کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے کہ کیوی پھل کھانے والے افراد کے موڈ میں 4 دن کے اندر ہی بہتری آگئی جبکہ وٹامن سی سپلیمنٹ لینے والے افراد کو بہتری میں 14 سے 16 دن لگ گئے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔