الیکشن کمیشن نے این اے 97 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ درست قرار دیدیا

April 16, 2024

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقے 97 فیصل آباد میں علی گوہر بلوچ کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

ای سی پی نے این اے 97 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔

ن لیگ کے علی گوہر بلوچ کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات پر این اے 97 فیصل آباد کے ریٹرننگ افسر (آر او) نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی۔

ای سی پی نے فیصلے میں کہا کہ عدالت عالیہ لاہور نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن کو بھجوائی تھی۔

ای سی پی نے فیصلے میں کہا کہ عدالت کے کہنے پر دونوں فریقین کو موقف پیش کرنے کا موقع دیا اور آر او سے 3 روز میں رپورٹ طلب کی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ آر او ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد حتمی اعداد و شمار الیکشن کمیشن کو بھجوائیں۔