سستی روٹی کی فراہمی کیلئے کریک ڈاؤن کا دائرہ وسیع کردیا: ڈپٹی کمشنر

April 17, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر رضوان قدیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سستی روٹی کی فراہمی کیلئے کریک ڈاؤن کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ایک روز میں 10 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے حوالات کی سیر کرائی جبکہ ہزاروں روپے جرمانہ بھی کئے گئے، 100 گرام روٹی کا ریٹ ضلع ملتان میں 15 روپے مقرر کیا گیا ہے خلاف ورزی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا،یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیت اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نےہدایت کی کہ تمام ہوٹل مالکان اور تندور مالکان کو میٹنگ کرکے روٹی کے وزن اور کوالٹی پر آمادہ کیا جائے ۔