امریکی ریاست نیو جرسی میں ایک شخص کو اپنی پرانی پتلون سے تقریباً 5.9 ملین ڈالرز کا لاٹری ٹکٹ مل گیا۔
حیران کُن بات یہ ہے کہ یہ ٹکٹ ایک سال سے پرانی پتلون کی جیب میں پڑا تھا اور اس کی معیاد ختم ہونے میں صرف 8 دن باقی رہ گئے تھے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہری نے گزشتہ سال مئی میں ایک پیٹرول پمپ سے ’پک 6‘ لاٹری ٹکٹ خریدا تھا مگر بعد میں وہ ٹکٹ گم ہو گیا اور شہری اسے مکمل طور پر بھول بھی گیا۔
حال ہی میں لاٹری حکام نے اعلان کیا کہ 5.9 ملین ڈالرز مالیت کا جیتنے والا ٹکٹ ابھی تک کلیم نہیں کیا گیا، یہ خبر سن کر شہری کو شک ہوا کیونکہ جیتنے والا ٹکٹ اسی پیٹرول پمپ سے فروخت ہوا تھا جہاں سے وہ اکثر ٹکٹ خریدتا تھا۔
اس شخص نے گھر واپس جا کر اپنی تمام چیزوں کی تلاشی لینا شروع کی اور آخرکار اسے ایک پرانی پتلون کی جیب سے لاٹری ٹکٹ مل گیا۔
نمبرز چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ یہ وہی خوش قسمت فاتح ہے جس نے لاٹری جیتی تھی۔
رپورٹس کے مطابق شہری نے فوری طور پر لاٹری ہیڈکوارٹر پہنچ کر انعامی رقم حاصل کی۔