امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک شخص اپنے ٹیسلا سائبر ٹرک کو جھیل میں لے گیا تاکہ اس کا ’ویڈ موڈ‘ (Wade Mode) فیچر کا تجربہ کر سکے، تاہم ٹرک پانی میں بند ہو کر ڈوبنے لگا، واقعہ گریپ وائن جھیل کے قریب پیش آیا جہاں ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک کو پانی سے باہر نکالا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈرائیور نے جان بوجھ کر ٹرک کو پانی میں اتارا تھا، ٹیسلا کا ’ویڈ موڈ‘ کم گہرے پانی میں آہستہ رفتار سے چلنے کے لیے بنایا گیا ہے لیکن ٹرک زیادہ پانی میں داخل ہونے کے بعد خراب ہو گیا اور اس میں پانی بھر گیا۔
عینی شاہدین کی جانب سے موقع پر بنائی گئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جن میں سائبر ٹرک کو آہستہ آہستہ ڈوبتے دیکھا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ڈرائیور جمی جیک میک ڈینیئل کو گرفتار کر لیا ہے۔
اس پر بند علاقے میں گاڑی چلانے، حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ٹیسلا کے ہدایت نامے میں بھی خبردار کیا گیا ہے کہ گہرے یا تیز بہاؤ والے پانی میں ٹرک لے جانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور اس سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔