یو اے ای، بارشوں سے اموات کی تعداد چار ہوگئی، دبئی ایئرپورٹ بدستور متاثر

April 20, 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)حکام نے گزشتہ روز بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں رواں ہفتے کے اوائل میں ہونیوالی شدید بارشوں سے ہونے والی اموات کی تعداد چار ہو گئی، سیلابی صورتحال نےسڑکوں اور دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو جام کر دیا ۔یو اے ای کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نےپیش گوئی کی ہے کہ پیر کو ہلکی بارش دوبارہ ہوسکتی ہے، اور منگل کو کچھ علاقوں میں دوبارہ شدید بارش کا امکان ہے۔ منیلا کی حکومت نے بتایا کہ دو فلپائنی خواتین اور ایک شخص سیلاب کے دوران اپنی گاڑیوں میں مر گئے۔ راس الخیمہ میں70سالہ اماراتی شخص بھی گاڑی سیلاب میں بہنے سے ہلاک ہوگیا۔دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ طوفان کے تین دن بعد بھی پروازوں کا بیک لاگ ختم کرنے کیلئے جدوجہد کر رہا ہے۔