نقل کے عوض رشوت لینے پر کنٹرولر امتحانات نے دو اہلکار معطل کردیئے

May 19, 2024

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن انکوائری ٹیم کا کوئٹہ میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں امیدواروں سے نقل کے عوض رشوت لینے والے عملے کے خلاف کریک ڈائون، کنٹرولر امتحانات نے اسپیشل اسکول کے ایک سنٹر کے دو اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن عبدالواحد کاکڑ نے جنگ سے بات چیت کر تے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کو شکایات موصول ہو ئی تھیں کہ کوئٹہ میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں امیدواروں سے نقل کرانے کیلئے رشوت وصول کی جا رہی ہے اور بھاری رقوم کے عوض امتحانی مراکز فروخت ہورہے ہیں جس پر وزیر اعلیٰ نے اینٹی کرپشن کو ہدایت کی کہ امتحانی سنٹرز کا دورہ کر کے رشوت میں ملوث عناصر کیلئے کیخلاف انکوائری کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ٹیموں نے مختلف امتحانی سنٹرز کا دورہ کیا اور شکایات کا جائزہ لیا ،اسپیشل اسکول کے ایک سنٹر میں جب دورہ کیا تو وہا ں پہلے سے کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ بھی موجود تھیں جنہوں نے بتایا کہ سنٹر میں امیدواروں سے رشوت وصول کرنے والے دو اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ جو بھی امتحانی مراکز کی فروخت میں ملوث پایا گیاتو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا ۔