کرغزستان میں 180 طلباء اب بھی پھنسے ہوئے ہیں، مراد علی شاہ

May 24, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کرغزستان میں 180طلباء اب بھی پھنسے ہوئے ہیں جن میں سے 6زخمی ہیں۔ بقیہ طلبہ کو واپس لانے کے لیے چارٹر فلائٹ کے اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی،یہ بات انھوں نے جمعرات کی صبح بشکیک، کرغزستان میں پھنسے ہوئے 205پاکستانی طلباء کا جناح ٹرمینل پر استقبال کرتے ہوئے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ چند دنوں میں مزید 180 طالب علموں کی ایک کھیپ لانے کا انتظام کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج 205 طلبہ آئے ہیں، جن میں سے 150مرد اور 55خواتین ہیں۔ جمعرات کو پہنچنے والے 205 طلباء میں سے 99 کا تعلق کراچی، 22 کا حیدرآباد، 15 کا نوشہروفیروز، 13 کا خیرپور، 13 کا سکھر، 12کا نوابشاہ، میرپور خاص، بدین، جیکب آباد اور دادو سے 5-5، سانگھڑ (ٹنڈو آدم) سے 3، جام شورو اور کشمور سے 2-2، کندھ کوٹ، پنوعاقل اور تھرپارکر سے ایک ایک شامل ہیں۔