عالمی عدالت کا فیصلہ مسترد، اسرائیل کے رفح سمیت غزہ پر حملے، 46 شہید

May 26, 2024

رفح ، کراچی(اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی حکومت نے عالمی عدالت انصاف کی جانب سے رفح میں فوجی کارروائیاں بند کرنے کا حکم مسترد کردیا، غزہ بھر پر حملوں میں 46افراد شہید ہوگئے، رفح پر اسرائیلی طیاروں کے فضائی حملے اور توپخانے سے گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا، صیہونی افواج نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ کے اسکول پر بھی بم برسادیئے، ہسپانوی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ یہ حقیقی نسل کشی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صیہونی افواج نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ کے اسکول پر بھی بم برسادیئےجہاں ہزاروں افراد پناہ لئے ہوئے ہیں، حملوں میں 46افراد شہید اور 130افراد زخمی ہو گئے، شہداء کی مجموعی تعداد 35ہزار 903ہوگئی ہے ، اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد کے سربراہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ سے پیدا ہونے والے المیہ کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا، اسرائیل کو چاہئے کہ وہ اس ڈراؤنے خواب کو ختم کرے، ایک اسرائیلی اہلکار نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ نیتن یاہو حکومت کا آئندہ ہفتے تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا "ارادہ" ہے ، حماس نے اپنے بیان میں بتایا کہ اسرائیلی حکومت اور فوجی حکام غزہ میں قیدیوں کی ہلاکت کے لئے بدستور ذمہ دار ہیں،حماس نے جاری کردہ ایک ویڈیو میں ان تصاویر کو دکھایا گیا ہے جس کے بارے میںان کا کہنا ہے کہ یہ اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے متعدد قیدیوں کی لاشیں ہیں،ویڈیوبیان میں کہا گیا ہے کہ نیتنیاہو اور ان کی حکومت سے ان کی شناخت اور ناموں کے بارے میں پوچھیں،وہ آپ کو سب کچھ بتا سکتے ہیں کیونکہ وہ انہیں اچھی طرح جانتے ہیں۔ویڈیو میں اسرائیلی خاندانوں کی تصویر دکھائی گئی ہے جو ایک تابوت پر رو رہے ہیں، ویڈیو میں کہا گیا کہ اس طرح وہ انہیں واپس لائیں گے،یہ فوٹیج اس وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیلی مظاہرین نے تل ابیب میں ہفتہ وار مظاہروں کے دوران قیدیوں کی رہائی کے لئےمعاہدے کا مطالبہ کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق عالمی عدالت کے فیصلے کے چند گھنٹوں بعد اسرائیل نےہفتے کو علی الصبح غزہ کی پٹی پر حملے کئے جبکہ صیہونی فوج اور حماس کے مسلح ونگ کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔