مقبوضہ فلسطینی علاقوں کیلئے برطانوی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں، راجہ محمد اسلم

June 15, 2024

لوٹن(شہزاد علی) اپوزیشن کنزرویٹو پارٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان نے برطانیہ کی جانب سے اس مالی سال میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو بنیادی خدمات کی فراہمی کےلئے 10ملین پاؤنڈ برطانوی امداد کا خیرمقدم کیا ہے ۔ایک سرکاری پریس ریلیز کے مطابق، برطانیہ فلسطینی اتھارٹی کو اس مالی سال میں £10ملین فراہم کرے گا فنڈنگ ​​مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بنیادی سروسز کی فراہمی اور تنخواہوں کی ادائیگی کی طرف جائے گی۔ برطانیہ فلسطینی اتھارٹی کے اصلاحاتی پروگرام کی حمایت کیلئے اس مالی سال میں 5ملین پاؤنڈ تک کی تکنیکی امداد بھی دے گا، برطانیہ فلسطینی اتھارٹی کو بنیادی خدمات کی فراہمی کیلئے اہم مالی مدد فراہم کرے گا، اس مالی سال میں £10ملین کی امداد فراہم کرے گا۔مشرق وسطیٰ کے لئے وزیر مملکت لارڈ (طارق) احمد نے کہا ہے کہ برطانیہ فلسطینی اتھارٹی کو سنجیدہ، عملی اور پائیدار مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے وہ صرف اپنے ملازمین کو ان کی نصف تنخواہیں ادا کرنے میں کامیاب رہی ہے، اور اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی سے ٹیکس کی آمدنی روک دی ہے، جس سے بحران مزید گہرا ہو گیا ہے۔ راجہ محمد اسلم خان نے مرکزی حکومت کی امداد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وہ اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ غزہ میں جنگ بندی اور مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئے بھی برطانیہ اپنا خصوصی رول ادا کرے۔