کراچی : آلائشوں کی چیر پھاڑ کرنے پر 97 افراد گرفتار، مقدمات درج

June 18, 2024

کراچی میں آلائشوں کی چیرپھاڑ کرنے والوں کی شامت آگئی، 97 افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔

سندھ پولیس نے عوامی مقامات پر آلائشیں پھینکنے اور اوجھڑی کی چیر پھاڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس معاملے پر آئی جی سندھ سے رابطہ کیا اور آلائشیں عوامی مقامات پر پھینکنے اور اوجھڑی کی چیر پھاڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کا کہا۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بھی تمام ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ آلائشیں پھاڑنے اور گندگی پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں اور کوئی رعایت نہ برتیں۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کراچی سے 97 افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق ضلع جنوبی کے علاقوں عیدگاہ گارڈن، سنگو لین اور لیاری سے 14 افراد گرفتار ہوئے۔

ترجمان کے مطابق کورنگی کے علاقے ماڈل کالونی سے 16 اور ملیر کے علاقوں قائد آباد فلائی اوور اور شاہ لطیف ٹاؤن سے 10 افراد گرفتار ہوئے۔

ضلع وسطی کے علاقوں نارتھ ناظم آباد سے 10، نیو کراچی سے 6، لیاقت آباد سے 3، پاپوش نگر سے 8 اور شاہراہ نورجہاں سے 4 گرفتار کیے گئے۔

ضلع غربی کے علاقے مومن آباد سے 5 اور کیماڑی کے علاقے سائٹ سے 2 افراد کو گرفتارکیا گیا۔

سندھ حکومت کے مطابق کراچی شرقی کے علاقے فیروز آباد سے 5، جمشید کوارٹرز سولجر بازار سے 9، گلزار ہجری سے 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔