مصدق ملک نے پی ٹی آئی پر تنقید کے تیر چلادیے

June 24, 2024

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور وفاقی وزیر مصدق ملک نے نام لیے بغیر تحریک انصاف پر تنقید کے تیر چلادیے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ اے پی ایس پر حملے کو کئی سال گزر گئے اور اپوزیشن کو وہ بچے یاد نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کو وہ استاد یاد نہیں، جن کے اوپر فاسفورس ڈال کر زندہ جلادیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب تک گھر تک بات نہیں آئے گی، تب تک یہ سیاسی تھیٹر کرتے رہیں گے۔ واقعی یہ چاہتے ہیں کہ ملک کے ہر چوک چوراہے پر دہشت گردوں کی رٹ ہو۔

مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ یہ چاہتے ہیں عوام اور پولیس افسران دہشت گردوں کے سامنے ہاتھ جوڑکر کھڑے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سامنے آکر بتائیں کہ ہم دہشت گردوں کے ساتھ ہیں، کھل کر دہشت گردوں کی سپورٹ کریں تاکہ آپ کی حفاظت پر جو کھڑے ہیں ان کو بھی پتا چلے۔