کس کی خوشبو سے ہے، سارا پیراہن مہکا ہوا....

March 10, 2019

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: عریشہ

ملبوسات: LAPIS LAZULI

آرایش: لش بیوٹی سیلون بائے شہلا

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

گھر میں اصل رونق بابل کے آنگن میں مُسکراہٹیں، قہقہے بکھیرتی، شوخ و چنچل سی لڑکیوں بالیوں ہی کے دَم سے ہوتی ہے کہ ان کی معصومانہ باتوں، شوخیوں شرارتوں، خوش گپیوں اور ہنسی ٹھٹھول سے ماحول میں خوش گواریت کا احساس جو گُھلا مِلا رہتا ہے۔ تو لیجیے، آج ہم نے اپنی بزم بھی کچھ ایسے ہی شوخ و شنگ، جدّت و ندّرت سے بَھرپور پیراہن سے مرصّع کی ہے کہ جنہیں دیکھتے ہی طبیعت میں آپ ہی آپ شوخی و شرارت دَر آئے۔ ذرا دیکھیے تو، اسٹیل بلیو رنگ پیراہن کا انداز کس قدر اچھا معلوم ہورہا ہے۔ کھدّر کاٹن فیبرک میں پلین ٹراؤزر کے ساتھ انگرکھا اسٹائل، پرنٹڈ کلیوں والی فراک ہے، جس کے گھیر، گلے اور آستینوں پر طلائی رنگ لڑی لیس کی ہم آمیزی نے لباس کا حُسن کچھ اور بھی بڑھا دیا ہے۔ سُرخ رنگ پلین شلوار کے ساتھ زرد رنگ بیس میں ملٹی شیڈڈ بلاک پرنٹڈ، کلیوںوالی فراک کا انداز جداگانہ سا ہے، تو ڈارک پِیچ اور سیاہ رنگوں کے کامبی نیشن میں ایمبرائڈرڈ،پرنٹڈ قمیص کے ساتھ، بڑے سے دوپٹے اور طلائی رنگ لیس کی آرایش بھی کمال ہے۔ گہرے سُرخ رنگ کی شلوار کے ساتھ ملٹی شیڈڈ پرنٹڈ قمیص کی رعنائی، ٹسلز کی آرایش نے کچھ اور بھی بڑھا دی ہے، تو لائٹ لیمن رنگ ٹراؤزر کے ساتھ پرنٹڈ قمیص کے فرنٹ پر تھریڈ ورک کے دِل نشین انداز کے بھی کیا ہی کہنے۔

جن کی باتوں، شوخیوں، شرارتوں سے سارا ماحول ہنستا مُسکراتا رہتا ہے، اُن ہی کی خوشبو سے سب پیراہن بھی مہک مہک جاتے ہیں، اسی لیے تو ہماری آج کی بزم اس قدر خوشبو دار و معطّر ہے۔