حُسن کے دشمن ،کیل مہاسے

August 28, 2019

عموماً خواتین چاہتی ہیں کہ ان کی جلد کیل مہاسوں سے محفوظ، صاف ،نرئم وملائم ہو،مگر گھریلو ذمہ داری کی وجہ سے وہ اپنی جلد پر خاص توجہ نہیں دے پاتیں اور اسی وجہ سے ان کے چہرے پر کیل مہاسےنکل آتے ہیں۔ پھر ان کو ختم کرنے کے لیےعلاج کروانا پڑتا ہے، جو کہ بہت مہنگا ہوتا ہے اور اس کے اخراجات ہر کوئی برداشت نہیں کرسکتا ۔آج ہم آپ کو کیل مہاسے ختم کرنے کا طر یقہ بتا رہے ہیں ۔

ٹماٹر کا گودا

ٹماٹر میں پائی جانے والی کھٹاس چہرے کی جلد کو خشک اور چکنائی کے خاتمہ میں معاونت فراہم کرتی ہے۔اس کے اندر وٹامن اے ،سی اور کے پایا جاتا ہے جو کیل مہاسوں کو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے ۔آپ اسے پیس کر فیشل ماسک کی طرح بھی استعمال کر سکتی ہیں ۔یہ عمل روزانہ کرنے سے کیل مہاسے دور ہوجائیں گے۔

شہد اور دار چینی

شہد ایک قدرتی اینٹی بائیوٹک ہے، جو بیکٹیریا اور کیل مہاسوں کو ختم کرتا ہے۔ دار چینی بھی جلد کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ ان دونوں کو ملا کر چہرے پر لگانے سے کیل مہاسے ختم ہوجاتے ہیں۔

آلو

آلو میں ستر فی صد وٹامن سی موجود ہوتا ہے، جو جلد کو دھوپ کی تپش، ماحولیاتی آلودگی اور ذہنی دباؤ کی وجہ سے خراب ہونے سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس میں شامل وٹامن بی جلد کے خلیوں کی نشوونما کے لئے نہایت مفید ہے۔ آلو جلد کو چمکدار بھی بنا تا ہے۔

لیموں کا جوس

ہم سب جانتے ہیں کہ لیموں میں بہت زیادہ کھٹاس ہوتی ہے اور یہ کھٹاس نہ صرف چہرے پر موجود دانوں کو خشک کرتی ہے بلکہ کیل مہاسے پیدا کرنے والے بیکٹیریا کو بھی ختم کرتی ہے۔

سیب کا سرکہ

سیب کاسرکہ پانی میں ملا کر چہرے پر لگانے سے نہ صرف کیل مہاسے ختم ہوتے ہیں بلکہ یہ جلد کو نرم و ملائم بھی بناتا ہے۔

لہسن

کیلشیم، زنک اور سلفر جیسی تمام خصوصیات لہسن میں پائی جاتی ہیں، جو قدرتی اینٹی بائیوٹک ہے۔ لہسن کے چند جوئےکو پیس کر پانی میں اچھی طرح مکس کرکے چہرے پر لگانے سے جلد نرم اور صاف ہو جاتی ہے۔

کھیرا

کھیرے میں 95 فی صد پانی موجود ہوتا ہے، جو جلد کے مردہ خلیوں کو ختم کر کےمسام کو صاف کرتا ہے۔ اس میں تھوڑا سا پانی ملا کر پیس لیں اور چہرے پر لگائیں ۔

زیتون کا تیل

چہرے پر موجود داغ دھبوں کو ختم کرنے کے لیے زیتون کا تیل نہایت مفید ہے۔ اس کا استعمال جلد کے متاثرہ حصے کو صحیح کرنے میں مد دگار ثابت ہوتا ہے، یہ جلد کو خشک کرتا ہے، جس سے کیل مہاسے بننے کے خدشات کم ہوجاتے ہیں۔ زیتون کے تیل کو نمک میں ملا کر چہرے پر لگائیں اور نیم گرم پانی سے دھولیں چند دن یہ عمل کرنے کے بعد آپ جلد پر نمایاں فرق محسوس کریں گی۔