پاکستانی کمیونٹی کو درپیش چیلنجز کا خاتمہ کرنا چاہتا ہوں سفیر پاکستان امتیاز احمد کا تقریب سے خطاب

September 30, 2019

جاپان کی معروف کاروباری تنظیم پاک جاپان بزنس کونسل اور اہم صحافتی تنظیم جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے گزشتہ دنوں سفیر پاکستان امتیز احمد کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں جاپان کی تمام اہم سیاسی ، سماجی ، مذہبی اور کاروباری تنظیموں نے شرکت کی اور امتیاز احمد کو سفیر پاکستان تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔

اس موقعے پر سفیر پاکستان جیسے ہی تقریب کے مقام صدیق پیلس پہنچے، تو پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے سفیر پاکستان امتیاز احمد کو گل دستہ پیش کیا، جبکہ جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر راقم نے سفیر پاکستان کو خوش آمدید کہا ،اس موقعے پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان اور سینئر نائب صدر ملک یونس بھی سفیر پاکستان کو خوش آمدید کہنے والوں میں شامل تھے۔

تقریب میں عوامی نیشنل پارٹی جاپان کے صدر نعیم خان ، پیپلز پارٹی جاپان کے رہنما یاسر شاہ گیلانی ، کشمیر یکجہتی کونسل کے صدر شاہد مجید ، مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان ، سینئر نائب صدر ملک یونس ، ہکائدو سے معروف کاروباری شخصیت عمیر شفیق ، معروف مذہبی اسکالر کمال احمد رضوی ، اوتسکا مسجد کے ناظم ہارون قریشی ، پاکستان تحریک انصاف جاپان کے صدر احمد سعید بھٹی ، اسلامک سرکل آف جاپان کے رہنما خرم تحسین اور عبدالصمد ،اعجاز احمد ، ہم خیال گروپ جاپان کے رہنما ملک سلیم بوئیکی ، امجد تایا ، چوہدری روبی ،چوہدری شعیب ، چوہدری عظیم ، چوہدری فواد ، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے سابق صدر چوہدری آصف محمود ، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے موجودہ صدر شیخ ذوالفقار اور دیگر سمیت سفارتخانہ پاکستان کے پریس قونصلر اشفاق خلیل نے سفیر پاکستان کو گ دستے پیش کیے، اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے صدر پاک جاپان بزنس کونسل نے کہا کہ سفیر پاکستان کی جاپان میں یہ چوتھی پوسٹنگ ہے اس کا مطلب ہے کہ سفیر پاکستان کو بھی جاپان سے پیار ہے۔

امتیاز احمد بطور سفیر پاکستان جاپان میں مقیم دس ہزار پاکستانیوں کو براہ راست جانتے ہیں، ان کے مسائل سے آگاہ ہیں امید ہے کہ ان کی تعیناتی سے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے،وہ دعا گو ہیں کہ سفیر پاکستان کا جاپان میں اچھاوقت گزر سکے ۔ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے سفیر پاکستان کی جاپان تعیناتی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے امتیاز حمد کو جاپان میں سفیر تعینات کرکے بہترین فیصلہ کیا ہے کیونکہ پاکستانی کمیونٹی کی بھی یہ شدید خواہش تھی کہ امتیاز احمد جاپان میں بطور سفیر خدمات انجام دیں امید ہے کہ ان کی تعیناتی سے پاکستان اور جاپان کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ ملک یونس نے کہا کہ ہم سفیر پاکستان کو جاپان میں خوش آمدید کہتے ہیں یہ ہمارے دل کی آواز تھی جو سن لی گئی اس کے لیے حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔

تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان نے کمیونٹی سے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کے لیے جاپان میں بطور سفیر تعینات ہونا ایک اعزاز ہے ان کی اپنی بھی خواہش تھی کہ بطور سفیر جاپان میں خدمات انجام دے سکیں تاہم فیصلہ حکومت کو ہی کرنا تھا جو کر لیا گیا تاہم اب وقت خدمت کرنے کاہے،پاکستانی کمیونٹی کو درپیش چیلنجز کا خاتمہ کرنا چاہتا ہوں۔

بلکہ کوشش ہوگی کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان کئی اہم شعبوں میں تیز رفتار پیش رفت ہوسکے جن میں جاپان سے پاکستان میں سرمایہ کاری ، تعلیمی شعبے میں تعلقات میں اضافہ ، جاپان سے پاکستان جانے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ،پاکستان سے جاپان کے لیے برآمدات میں بھاری اضافہ اور پاکستانی افرادی قوت کو جاپان میں لانے کے لیے اقدامات سمیت پاکستانی طلبہ کو جاپانی جامعات میں داخلے میں اضافے جیسے معاملات ان کی اولین ترجیح ہیں ۔سفیر پاکستان نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین اور جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر کا راقم خصوصی شکریہ ادا کیا جنھوں نے شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔