Advertisement

مودی نے اپنی حفاظت کیلئے امریکی طیارے خرید لیے

October 10, 2019
 

بھارتی صدر رام ناتھ کوند اور وزیراعظم نریندر مودی آئندہ سال جولائی سے میزائل اور دفاعی نظام سے لیس 2 خصوصی امریکی طیاروں میں سفر کریں گے۔

بھارتی ویب سائٹ ’ انڈیا ٹو ڈے ‘ کے مطابق بھارتی صدر اور وزیر اعظم مودی کے لیے دو طیارے میزائلوں اور دفاعی نظام سےلیس بی 777 امریکا سےجولائی میں بھارت پہنچیں گے۔

یہ طیارے صرف بھار تی صدر، نائب صدر اور وزیراعظم کے زیر استعمال لائے جائیں گے جن کو بھارتی فضائیہ کے پائلٹس اُڑائیں گے ۔

یہ بھی پڑھیے:مودی کی انگریزی پر ٹرمپ کا چٹکلا

ان دیو قامت طیاروں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ایئر انڈیا انجینئرنگ سروس لیمٹڈ (AIESL) کے پاس ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے: رافیل اسکینڈل، مودی بھانڈا پھوڑنے والے اخبار پر برہم، کارروائی کا اعلان

رپورٹ کے مطابق بھارتی صدر، نائب صدر اور وزیراعظم فی الحال ایئرانڈیا کے B747 طیاروں میں سفر کر رہے ہیں جنہیں ایئر انڈیا کے پائلٹس اُڑا تے ہیں جبکہ ان طیاروں کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ی ایئر انڈیا انجینئرنگ سروس لیمٹڈ کے پاس ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں سال فروری میں امریکا نےبھارت کو 190ملین ڈالر مالیت کے 2 میزائل دفاعی نظام بیچنے پر رضامندی ظاہرکی تھی۔

بھارتی فضائیہ کے سینئر افسرکے مطابق B777 طیاروں کو اُڑانے کے لیے بھار تی فضائیہ کے 4 سے 6 پائلٹس کو تربیت دے دی گئی ہے جبکہ مزید پائلٹس کو جلد ہی تربیت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ فرانس نے دو روز قبل پہلا رافیل جنگی طیارہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حوالے کیا تھا ۔بھارت کو جنگی طیارہ ملنے کے بعد راج ناتھ سنگھ نے اس طیارے پر ʼشستر پوجا‘ یعنی اسلحہ پوجا کی۔

وزیر دفاع نے طیارے پر سِندور سے اوم لکھا، طیارے پر پھول ،ناریل اور لڈو چڑھائے۔ اس کے علاوہ طیارے کے پہیے کے نیچے دو لیموں بھی رکھے گئے۔

وزیر دفاع نے پوجا کے بعد اس طیارے میں سفر بھی کیا تھا ۔


مکمل خبر پڑھیں