سری لنکا سے غیر یقینی شکست

October 15, 2019

عالمی نمبر ون پاکستان کرکٹ ٹیم کو 8ویں نمبر کی سری لنکن بی ٹیم نے ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کردیا،یہ اتنا بڑا اور غیر متوقع نتیجہ ہے کہ کرکٹ شائقین حیرت اور کرکٹرز غیر یقینی کی کیفیت میں ہیں ،کیونکہ ہوم گراؤنڈز پر ہوم کراؤڈ کے سامنے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ایک عشرے سے ہاف درجن سیریز سے ناقابل شکست پاکستان کو سری لنکا کے موجودہ کھلاڑی ہراکر نئی تاریخ رقم کردیں گے۔

مگر یہ سب کچھ ہوا،ورلڈ کپ کے بعد پاکستان منیجمنٹ میں تبدیلیاں ہوئیں اسکے نتیجے میں ٹیم میں بھی کچھ اکھاڑ پچھاڑ ہوئی مگر نتائج پہلے سے بھی بد تر ہوگئے ہیں، ٹی 20 کی نمبر ون ٹیم جس کپتان کی قیادت میں کھیل رہی ہے اسے ہیڈ کوچ سمیت پورا عملہ بھی وہی دفاعی سوچ والا ملا ہے ایسے میں بہتری تو کجا سابقہ کارکردگی پر برقرار رہنا بھی ناممکن ہوجاتا ہے۔

اب کارکردگی ہی دیکھ لیں کہ سرفرازا حمد 3میچزمیں 67رنزکرکے ساتھی کھلاڑیوں میں ٹاپ پر رہے، عماد وسیم 57رنزکے ساتھ دوسرے ٹاپ ا سکوربنے ،بابر اعظم 3میچزمیں 47رنز کرسکے، پاکستان کاکوئی بولر 3میچزکھیلنے کے باوجود 3سے زائد وکٹ نہیں لےسکا ،جبکہ ہسارنگا نے 3میچزمیں 8وکٹیں لیں تو پردیپ اور ادانا نے 2،2میچز کھیل کر باالترتیب 7 اور 5وکٹیں اپنے نام کیں۔باقی پرفارمنس تاریخ ہوگئی ہے۔

ٹیم سلیکشن سے لیکر پلیئنگ الیون کے انتخاب تک اور پھر سب سے بڑی بات گیم پلاننگ تک میں مسائل رہے ایسا لگا کہ ٹیم کے لئے کوئی ایک متعین راہ نہیں ہے یہ سلسلہ اگر جاری رہا تو پھر آسٹریلیا کے اگلے قریب کے دورے میں نوشتہ دیوار دیکھ لینا چا ہئے۔

قومی منیجمنٹ ایک شکست کے بعد پھر سے محمد حفیظ اور شعیب ملک کی جانب دیکھ رہی ہے،اگر ہماری سوچ وبچار کی سوئی عمر اکمل سے احمد شہزاد اور یا پھر محمد حفیظ سے شعیب ملک پر جاکر رکتی ہے تو ابھی سے ورلڈ ٹی20 کا انجام سوچ لینا چاہئے پھر فیصل آباد میں جاری قومی ٹی 20کپ جیسے ایونٹس کو ڈرامہ قرار دیدینا چاہئے۔

ٹیم بنانے کےلئے ٹھوس فیصلے کرنے پڑیں گے،باصلاحیت کرکٹرز کو پالش کرکے آگے لانے کے لئے قومی اکیڈمیز اور یوتھ کرکٹ کے لئے کوالٹی کوچز لگانے چاہئیں، یوتھ کرکٹرز اور ٹاپ پرفارمرز کے لئے قومی اکیڈمی میں یونس خان، محمد یوسف جیسے باصلاحیت لیجنڈری بلے باز اور وسیم اکرم،ثقلین مشتاق ومشتاق احمد جیسے کوالٹی بولرز بطور کوچزرکھے جائیں جو ان کی بہتری کے لئے کام کریں،تب نتائج سیریز در سیریز ملنا شروع ہوجائیں گے۔پاکستانی سرزمین پر کامیاب سیریز کے بعد آئی لینڈرز خوش وخرم گئے،آئرش ٹیم یہاں کھیلنے آرہی ہے جبکہ بنگلہ دیش ٹیم کو بھی آنا ہوگا ۔