مہنگائی پر قابو پانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ،کمشنر راولپنڈی

November 17, 2019

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے جاری کی گئی ہدایات پر عمل درآمد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مار کر ان دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں جو قانون شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ضلع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ تمام اضلاع میں مارکیٹوں، بازاروں اور سبزی و فروٹ منڈیو ں میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیاء ضروریہ کے پرچون اور تھوک نرخوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے۔ شہریوں کی نشاندہی پر بھی ایسے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے جو بار بار تنبیہ اور قانونی کارروائی کے باوجود روز مرہ استعمال کی اشیاء مقررہ نرخوں سے زائد فروخت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو اس امر کا پابند کیا جائے کہ وہ اشیاء کے نرخنامے نمایاں مقامات پر آویزاں کریں، ناپ تول کا نظام درست رکھیں۔