گھر کا ماحول خوش گوار بنائیں

December 25, 2019

گھر وہ واحد جگہ ہوتی ہے جہاں پر بچےدادی ،دادا ،پھو پھو ،چچا اور ماں باپ کی محبت میں پروان چڑھتےہیں اور گھر پر بچوں کی روحانی اور جسمانی دونوں طر ح سےتر بیت کی جاتی ہے ۔گھر کا ساز گار ماحول اور خوش گوار فضا بچوں کو احساس تحفظ مہیا کرتی ہے۔

علاوہ ازیں بچے احساس محرومی اور احساس کمتری کا شکار بھی نہیںہوتے۔ اگر گھر میںکسی قسم کی الجھن ،بدمزگی اور سراسیمگی یا پریشانی ہوتو ماں کو چاہیے ،انہیں پیدا کرنے والے عناصر کا بہ خوبی جائزہ لیں۔

ان چیزوں کو بھی بچے کی پہنچ سے دور رکھیں جن سے وہ اپنی آپ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ۔مثال کے طور پر سوئی ،چاقو اورچھوری۔ان کے لیے بہتر یہ ہے کہ اگر ممکن ہو تو گھر کا ایک کمرہ بچوں کے لیے علیحدہ کردیا جائے یا کسی بڑے کمرے کا ایک گوشہ ان کے لیے مخصوص کردیا جائے ،تا کہ وہ اس جگہ پر اپنی پسند کے کھیل کھیلتے رہیں اور اپنی مرضی سے جو دل چاہے کرتے رہیں ۔ماؤں کو چاہیے کہ اس بات کا خیال رکھیں کہ اس جگہ پر بچوں کو نقصان پہنچانے والی کوئی چیز نہ ہو ۔

آج کل ویسے ہر بچہ موبائل یا ٹیبلٹ پر کھیلنا پسند کرتا ہے ۔لیکن پھر بھی گھر میںخانگی کھیلوںکا انتظام بھی ہوناچا ہیے ۔اکثر بچے گھرسے باہر اسی لیے کھیلنا پسند کرتے ہیں ،کیوںکہ گھر میںان کی دل چسپی کا کوئی سامان نہیںہوتا ،لوڈو اور کیرم وغیرہ ایسے کھیل ہیں جو گھر میں بچوں کی توجہ اور دل چسپی کو بر قرار رکھتے ہیں۔

اس کے علاوہ آپ گھر میں کوئی پالتو جانور بھی رکھ سکتی ہیں ۔خاص طور پر ایسے گھروں میں جہاں بچہ اکیلا اور تنہا ہو ،کیوں کہ ایسے بچوں کو کھیلنے کے لیے ایک ساتھی کی ضرورت ہوتی ہے ۔بچے انہیں حرکت کرتا دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں ۔