ایک کہکشاں کے 12 عکس

January 06, 2020

کچھ عرصہ پہلے ہبل خلائی دوربین سے 11 ارب نوری سال دوری پر واقع کہکشاؤں کی ایک قوس (آرک) کا مشاہدہ ہوا ،جس میں ایک جیسی دکھائی دینے والی 12 کہکشائیں موجود تھیں۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ یہ 12 ایک جیسی کہکشائیں نہیں بلکہ ایک ہی کہکشاں کے 12 عکس ہیں جو ایک عجیب و غریب مظہرِ فطرت ’’ثقلی عدسہ‘‘ کی وجہ سے بن گئے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق ’’سن برسٹ آرک‘‘ نامی اس کہکشانی قوس میں کم از کم 12 کہکشائیں ایسی ہیں جو دراصل ایک ہی کہکشاں کے مختلف عکس ہیں۔

ثقلی عدسے (گریوی ٹیشنل لینسنگ) میں غیر معمولی کمیت رکھنے والے کسی فلکی جسم کی قوتِ ثقل، روشنی کو منفرد انداز میں خم دیتی ہے ،جس کے نتیجے میں کبھی تو پس منظر معمول سے بڑا اور زیادہ روشن نظر آتا ہے تو کبھی ایک ہی چیز کے ایک سے زیادہ عکس دکھائی دینے لگتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ جب ہمیں ایک ہی کہکشاں کے 12 عکس دیکھنے کو ملے ہیں۔

اندازہ ہے کہ سن برسٹ آرک کی اصل کہکشاں، کائناتی پس منظر میں کہیں چھپی ہوئی ہے جبکہ اس سے آنے والی روشنی کے راستے میں زبردست کششِ ثقل رکھنے والے اجرامِ فلکی موجود ہیں جو اس روشنی کو مختلف سمتوں میں خم دے کر ہماری طرف بھیج رہے ہیں اور ہمیں ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے یہ مختلف کہکشاؤں کی طرف سے آنے والی روشنی ہو۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سن برسٹ آرک کی اصل کہکشاں کے راستے میں، ہم سے تقریباً 4 ارب 60 کروڑ نوری سال دوری پر، کہکشاؤں کا ایک بہت بڑا جھرمٹ حائل ہے جو اس سے آنے والی روشنی کو موڑتے ہوئے، اس طرح سے آگے جانے دے رہا ہے کہ وہ کم سے کم بارہ حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔