برطانوی شاہی خاندن کا نایاب سکہ 20 کروڑ روپے میں فروخت

January 18, 2020

برطانیہ کے شاہی خاندان سے منسوب نایاب سکوں کی فروخت کا معاملہ آئے دن خبروں کی زینت بنتا ہے لیکن اب ایک خریدار نے 10 لاکھ برطانوی پاؤنڈ (20 کروڑ پاکستانی روپے) میں خرید کر ریکارڈ قائم کردیا۔

شاہی خاندان سے منسوب اس سکے کی یہ ریکارڈ فروخت ہے جبکہ اس سے قبل ایک سکہ 5 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈ یعنی موجودہ سکے کی آدھی قیمت میں فروخت ہوا تھا۔

اس سکے میں بادشاہ ایڈورڈ ہشتم کی تصویر کا خاکہ مزین ہے، جو شاید ان کے تخت حکومت چھوڑنے سے قبل کا ہے۔

یہ سکہ ان قیمتی سکوں میں سے ایک ہے جو شاید ہی اب دنیا کے سامنے موجود ہیں اور دہائیوں سے لوگوں کی نظروں سے اوجھل ہیں۔

اس سکے کو شاہی خاندان کے لیے دہائیوں سے یہ سکے بنانے والی کمپنی رائل منٹ نے فروخت کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سکہ اپنی نوعیت کے چند مخصوص سکوں میں سے ایک ہے، جس میں بادشاہ کو مخالف سمت میں دیکھا جاسکتا ہے کیونکہ اس سے ان کے دائیں بازو کی جماعت سے ہونے کا شمار ہوتا ہے۔

اس کمپنی کی سربراہ ریبیکا مورگن کا کہنا تھا کہ دی ایڈورڈ 8 کا یہ اعزازی سکہ دنیا بھر موجود نایاب سکوں میں سے ایک ہے، تاہم اس میں کوئی تعجب نہیں ہے کہ یہ بولی میں اتنی بڑی قیمت میں فروخت ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے اپنے صارف کے لیے یہ بہترین تحفہ ڈھونڈا ہے اور اسے واپس برطانیہ لاکر دوبارہ تاریخ رقم کی ہے۔

اس سکے کے خریدار نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر غیر ملکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ جب ان کے پاس یہ موقع آیا تو انہوں نے سوچا کہ وہ اسے جانے نہیں دے سکتے، کیونکہ یہ زندگی میں ایک مرتبہ ملنے والا موقع تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ 10 لاکھ پاؤنڈ ایک بہت بڑی رقم ہے، لیکن اگر میں یہ سکہ ابھی نہیں خریدتا تو مجھے کبھی دوبارہ یہ موقع نہیں ملتا۔

رائل منٹ کے ایک اور عہدیدار میٹ کرٹس کا کہنا تھا کہ یہ دوسرا شاہی سکہ ہے جسے کسی نجی شخص نے خریدا ہے۔

واضح رہے کہ بادشاہ ایڈورڈ نے 1936 میں اپنی امریکی محبوبہ سے شادی کرنے کے لیے بادشاہت چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔