معروف طبلہ نواز اُستاد اجمل خان کی یاد میں ریفرنس

January 19, 2020

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے بخشی فیملی کے اشتراک سے ملک کے معروف طبلہ نواز اُستاد محمد اجمل خاں کی یاد میں ریفرنس کا انعقاد کیا۔

اُستاد اجمل خان حال ہی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ اُنکی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے اُنہیں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔ اجمل خاں نے 60 سے زائد ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

غیر ملکی فنکار جن میں گلوکار، سازندے اور مختلف بینڈ شامل ہیں، خاص طور پر اُن کے مداح رہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ڈاکٹر فوزیہ سعید نے استاد اجمل خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہت بڑے فنکار تھے۔ اُنہوں نے زندگی کا بیشتر حصہ پی این سی اے اور لوک ورثہ میں گزارا۔

وہ بہت دھیمی شخصیت کے مالک تھے۔ اُنہوں نے اپنے فن کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا۔ پروگرم میں ملک کے نامور فنکاروں اور مداحوں نے اجمل خاں کو اپنے اپنے الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کی۔

اس موقع پر روایت کے مطابق اجمل خاں کے فرزند شیری بخشی اور یاور بخشی کی دستار بندی ہوئی۔ معروف گلوکار جاوید سلامت بخشی نے قوالی پیش کی۔

شیر ی بخشی نے طبلہ پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور بابر نیازی، جہانگیر نیازی، عافی بخشی، ندیم سلامت اور طاہر سلامت نے غزلیں پیش کی۔ کثیر تعداد میں فنکاروں اور استاد اجمل خاں کے مداحوں نے پروگرام میں شرکت کرکے اُستاد اجمل خان سے محبت کا اظہار کیا۔