پنجاب حکومت نے فلم ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز روک دی

January 21, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

پنجاب حکومت نے فلم ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز روک دی

پنجاب حکومت نے سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز روک دی ہے اور فلم کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی۔

فلم زندگی تماشا 24 جنوری کو ریلیز ہونا تھی۔ حکومت پنجاب نے فلم کے ریویو کے لیے 3 فروری کی تاریخ دے دی ہے۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے حتمی فیصلے تک فلم کی نمائش نہ کی جائے، کمیٹی فلم کے بارے میں مختلف حلقوں کے تحفظات اور شکایات کا جائزہ لے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان شوبز اندسٹری کے نامور اداکار و ہدایت کار سرمد سلطان کھوسٹ نے فلم ’زندگی تماشہ‘ کی ریلیز میں درپیش مسائل پر وزیر اعظم عمران خان سے بھی مدد طلب کی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سرمد سلطان نے وزیر اعظم عمران خان، صدر عارف علوی کو ٹیگ کرتے ہوئے ’میں بھی پاکستان ہوں‘ کے کیپشن سے دو تصویروں پر مشتمل ایک ’کھلا‘ خط شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے وزیر اعظم، صدر، آرمی چیف، چیف جسٹس و دیگر کو اپنی فلم کی ریلیز میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا تھا۔

سرمد کھوسٹ کا کہنا ہے کہ فلم ’زندگی تماشا‘ سینسر بورڈ دو بار پاس کرچکا ہے، فلم ریلیز کرنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سرمد کھوسٹ کا فلم ریلیز نہ کرنے پر غور

فلم ’زندگی تماشہ‘ کو بوسان عالمی فلم فیسٹیول کا معتبر ترین ’کم جسوئک‘ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

نرمل بانو کی تحریر کردہ اور سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’زندگی تماشہ ‘اردو اور پنجابی زبان میں بنائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ماہرہ کو ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار

فلم میں عارف حسن کے علاوہ اداکارہ سمعیہ ممتاز، ماڈل ایمان سلیمان اور علی قریشی بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔