بھارتی اداکارہ پاکستانی ڈراموں کی ’فین‘ ہوگئیں

January 22, 2020

بھارتی اداکارہ میرا چوپڑا پاکستانی ڈراموں کی مداح ہوگئیں جس کا ذکر آئے دن وہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کرتی نظر آتی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے اداکارہ صبا قمر کی تعریف کرتے ہوئے بھی ایک ٹوئٹ شیئر کیا ہے۔

انہوں نے صبا قمر کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ڈرامہ ’باغی‘ دیکھنے کا یہاں کسی نے انہیں مشورہ نہیں دیا تھا، ایک زبردست کہانی تھی اور صبا قمر کے تو کیا ہی کہنے۔

میرا چوپڑا آئے دن ٹوئٹر پر اپنے مداحوں سے پاکستانی ڈراموں کے حوالے سے مشورے طلب کرتی نظر آتی ہیں۔

ناصرف یہ بلکہ وہ دلچسپی لے کر پاکستانی ڈرامے دیکھتی بھی ہیں اور ڈرامے سے متعلق رائے بھی شیئر کرتی رہتی ہیں۔

ایک صارف نے میرا سے پوچھا کہ آپ کو بھارت میں ’غدار‘ یا ’پاکستانی‘ کہلانے کا خوف محسوس نہیں ہوتا؟

اس کے جواب میں میرا نے لکھا کہ پاکستانی ڈرامے دیکھنے اور پسند کرنے پر مجھ پر غداری کا لیبل نہیں لگ سکتا کیونکہ یہ مذاق نہیں ہے۔

میرا چوپڑا پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی اداکاری سے بے حد متاثر نظر آتی ہیں۔ انہوں نے صبا قمر کا ڈرامہ ’چیخ‘ بھی دیکھ رکھا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹی وی و فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر بالی ووڈ میں بھی انٹری دے چکی ہیں۔

انہوں نے بھارتی اداکار عرفان خان کے مقابل بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔