کورونا وائرس:چین سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ

January 23, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

کورونا وائرس: ایئر پورٹس پر چائنہ سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات کرنا شروع کردیے ہیں اور ایئر پورٹ پر چین سے آنے والے مسافروں کا چیک اپ بھی کیا جارہا ہے۔

لاہور ائیرپورٹ پر کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن کاؤنٹر قائم کردیا گیا۔

کورونا وائرس کے باعث لاہور ایئر پورٹ کے کاؤنٹر پر سول ایوی ایشن اور محکمہ صحت کا عملہ تعینات کر دیا گیا۔

ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کاونٹر پر چین سے آنیوالی پروازوں کے مسافروں کا چیک اپ کیا جارہاہے۔

حکومت کی جانب سے دیگر ممالک کی چین سے ہوتے ہوئے آنیوالی پروازوں کے مسافروں کا معائنہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کی تشخیص کی سہولیات نہ ہونے کے باعث حکومت پاکستان نے چین، ہانگ کانگ اور ہالینڈ میں قائم تین لیبارٹریز سے ملک میں آنے والے مشتبہ کیسز کی تشخیص کے لیے رابطہ قائم کرلیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ کورونا وائرس ایک نیا جرثومہ ہے جسے تشخیص کرنے کی صلاحیت اس وقت دنیا کی چند مخصوص وائرولوجی لیبارٹریز میں ہی میسر ہے جن میں سرفہرست سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (CDC) اٹلانٹا امریکا، چین، ہانگ کانگ اور ہالینڈ کی لیبارٹریز شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزارت صحت کے حکام نے چین، ہانگ کانگ اور ہالینڈ میں قائم لیبارٹریز سے رابطہ کرلیا ہے اور اگر ملک میں کورونا وائرس کا کوئی مشتبہ کیس سامنے آیا تو اس کی تشخیص کے لیے نمونہ ان تین ممالک کی لیبارٹریز میں بھیجے جائیں گے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے حکومت پاکستان کو کورونا وائرس کے مشتبہ کیسز کے سیمپل ان تین ممالک کی لیبارٹریز میں بھیجنے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید بتایا کہ اگلے ایک یا دو ہفتوں میں پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کی سہولت مہیا کردی جائے گی اور اس سلسلے میں قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو اقدامات کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول، اٹلانٹا کے تعاون سے جلد ہی قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی تشخیص شروع ہوجائے گی۔