ایکواڈور کے جرائم پیشہ گروہ لوس لوبوس کے سربراہ اینجل ایسٹیبن ایگیلار کو میکسیکو سٹی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ ملزم جعلی شناخت کے ذریعے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایگیلار ’لوبو مینور‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس پر الزام ہے کہ وہ 2023ء میں صدارتی امیدوار فرنانڈو وییاویسینسیو کے قتل کا مرکزی منصوبہ ساز تھا، صدارت کے امیدوار کو دارالحکومت کیٹو میں انتخابی جلسے کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ایگیلار کی گرفتاری کی کارروائی کولمبیا، میکسیکو اور ایکواڈور کی مشترکہ کوشش سے عمل میں آئی، کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے اسے بین الاقوامی منظم جرائم کے خلاف بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ ملزم کو مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے کولمبیا منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایکواڈور کے وزیرِ داخلہ جان ریمبرگ نے بھی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مجرم کہیں بھی چھپ جائیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں تلاش کر لیں گے۔
ایکواڈور حکام کے مطابق ایگیلار پر منشیات اسمگلنگ، بھتہ خوری اور قتل سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔