پریس کلب اسپورٹس گالا کا انعقاد، خواتین اسپورٹس فیسٹیول

February 04, 2020

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہاحکومت قومی کھیل ہاکی کو ترقی اور فروغ دینے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی، انہوں نے یہ یقین دہانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر(ر) خالد کھوکھر کو کرائی جنہوں نے ایوان صدر اسلام آباد میں صدر مملکت سے ملاقات کی ، اس موقع پر پی ایچ ایف کے صدر نے عارف علوی کو رواں سال ہونے والی پاکستان سپر ہاکی لیگ کی تیاری کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جارہا ہے، جس سے ملک میں عالمی ہاکی مقابلوں کی بحالی میں مدد ملے گی،صدر نے مثبت یقین دہانی کرائی ہے جو خوش آئند ہے۔

فاطمیعہ گرلز کالج کی بیڈ منٹن ٹیم کا کامیابی کے بعد انچارج اسپورٹس یسراء وحید کے ساتھ گروپ

کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب تھے‘اسپورٹس گالا میں کراچی پریس کلب کے ارکان اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے مختلف مقابلوں کو دیکھ اور خود بھی حصہ لیا، مرتضی وہاب نے کراچی پریس کلب کی صحت مندانہ سرگرمیوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ امسال پی سی ایل مکمل طور پر پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے، عوام اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں، اسپورٹس گالا میں مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے، کراچی پریس کلب کے ممبران کے درمیان 100 میٹر فادر ریس، 50 میٹر مادر ریس، بچوں کے لئے مختصر فاصلوں کی دوڑ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس،تیراندازی، باسکٹ بال، آرم ریسلنگ، بال تھرو, رسہ کشی، ٹیبل ٹینس اور منی میراتھن کا انعقاد کیا گیا ۔

جناح خواتین یونیورسٹی میں کشمیر ڈے بیڈ منٹن ایونٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں کا ماہیہ معین اور محمد معین کے ساتھ کا گروپ

کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، سیکرٹری ارمان صابر، نا ئب صدر سعید سربازی،خازن راجہ کامران،جوائنٹ سیکر ٹری ثاقب صغیر سمیت گورننگ باڈی نے ارکان پریس کلب اور ان کے اہل خانہ کو مثبت سرگرمیاں فراہم کرتے رہنے کا اعادہ کیا،قومی بیڈ منٹن چیمپئن شپ میں این بی پی کے مراد علی اور پاکستان واپدا کی ماہور شہزاد نے مردوں اور خواتین کے انفرادی ٹائٹل جیت لئے، فائنل میں مراد علی نے واپڈا کے حافظ عرفان کو جبکہ خواتین فائنل میں ماہو شہزاد نے اپنے ہی ادارے کی غزالہ صدیق کو ناکامی سے دوچار کیا،11سالہ حور فواد کراچی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ جیتنے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئی ہیں،حور فواد نے فائنل میں چھ سال سے کراچی نمبر ون حریم انور کو ہرایا، ایونٹ میں تین سو سے زائد مر دوخواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی،ویلز کالج کے زیراہتمام ویلز اسپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ فائنل اوایس انگلش اسکول اور ویلز کالج نے انڈر17 اور انڈر19 میں چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب پریس کلب اسپورٹس گالا میں تیر انداز کرتے ہوئے

دونوں فائنل کی تقریب انعامات میں ویلز کالج کے چیئرمین وہاج حسین، کوآرڈینیٹر عمران علی ڈوگر نے انعامات تقسیم کئے۔محکمہ اسپورٹس نے رواں سال ہونے والے سندھ گیمز میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے لئے اوپن ٹرائلز کرانے کا فیصلہ کیا ہے،جبکہ ایسوی ایشنوں کو ایک فارم جاری کیا جائے گا جس میں کھلاڑیوں کی کار کردگی کا ریکارڈ طلب کیا جائے گا، گیمز کے ایونٹ پورے صوبے میں ہوں گے، افتتاحی تقریب میزبان شہر لاڑکانہ میں ہوگی جبکہ اختتامی تقریب کسی دوسرے شہر میں ہوگی۔

عمران احمد سینئرڈائریکٹرکلچر اسپورٹس بلدیہ عظمٰی خواتین اسپورٹس فیسٹول ٹگ آف وار گرین ٹیم کی کپتان کو فاتح ٹرافی دے رہے ہیں اس موقع پر خورشید شاہ ، ناہید عابدہ ، جبین ناز اور گلفراز خان و دیگر بھی موجود ہیں

حکمہ ثقافت وکھیل ، بلدیہ عظمی کراچی کے زیراہتمام خواتین اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں اسپورٹس فیسٹیول کاانعقاد ہوا جس میں رسہ کشی، آرم ریسلنگ، سیپک ٹاکرا، کھوکھو اور رولر اسکیٹنگ کے معاملےہوئے۔ ٹگ آف وار میں کراچی گرین نے پہلی پوزیشن جبکہ کراچی وائٹ نے دوسری اور کراچی بلیونے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کھوکھو کے مقابلو میں پریمیئر پبلک اسکول کی نسیمہ نے پہلی اور ایس ٹی او اسکول کی مہامہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ آرم ریسلنگ کے ایونٹ میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کی ٹیم کو ہرادیا۔ سیپک ٹاکرا کے مقابلوں میں قائداعظم گرین نے علامہ اقبال وائٹ کو شکست دے کر فاتح قرار پائی۔اس موقع پر رولر اسکیٹنگ شو منعقد ہوا جس میں اسپیڈاسکیٹنگ، بائیک اسکیٹنگ اور فلیگ مارچ کا دلکش مظاہرہ ہوا۔ مہمان خصوصی سینئر ڈائریکٹرکلچر اینڈ اسپورٹس کے ایم سی عمران احمد نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔