آسٹریلیا کے جنگلات میں مہینوں سے لگی آگ مکمل بجھنے کے قریب

February 17, 2020

کینبرا(این این آئی)آسٹریلیا میں طوفانی بارشوں سے جنگلات میں کئی مہینوں سے لگی آگ مکمل طور پر بجھ جانے کے قریب ہےجبکہ سیلابی صورتحال سے نظامِ زندگی تہس نہس ہوگیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام نے بتایاکہ آسٹریلیا کے جنگلات میں کئی مہینوں سے لگی آگ بارش کے باعث جلد مکمل طور پر بجھنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے کیوں کہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے بیشتر مقامات پر لگی بڑی آگ بجھ چکی ہے۔کئی دنوں کی تیز بارش سے نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنزلینڈ میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی۔بارش کے باعث سڈنی میں 20 سال کے عرصے میں نم ترین موسم محسوس کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سڈنی میں پچھلے چار دنوں کے دوران 391.6 ملی میٹر (15.42 انچز) بارش ہوئی اور اس سے پہلے اتنی زیادہ بارش فروری 1990 میں 414.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔ سڈنی میں بارش کا یہ 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔نیو ساؤتھ ویلز رورل فائر سروس کے ترجمان جیمز مارس نے برطانوی خبر رساں ادارے کوبتایا کہ اب بھی تقریباً 30 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے لیکن امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اس بارش کے سلسلے سے آنے والے دنوں میں وہاں کی آگ بھی بجھ جائے گی۔دوسری جانب طوفانی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے سارے شہر میں افرا تفری اور تباہی مچادی ہے۔ مختلف واقعات میں ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع بھی ہے جس کی گاڑی پانی میں بہہ گئی۔پولیس کی جانب سے لاپتہ شخص کی تلاش جاری ہے لیکن ان کا کہنا تھا کہ اب تک اس کی گاڑی اور اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔اس کے علاوہ مختلف جگہوں پر ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ہزاروں افراد کو ریسکیو بھی کیا جارہا ہے۔