فیملی لنچ کا اہتمام

February 23, 2020

خواتین کے لیے سب سے مشکل کام اتوار کے کھانے کا مینیو منتخب کرنا ہے کہ سب ہی کی پسند کا خیال جو رکھنا ہوتا ہے۔تواس اتوارہماری جانب سےبریانی ،حلیم اوراس کے ساتھ موسم کی مناسبت سے اخروٹ پڈنگ کی تراکیب حاضر ہیں۔لیجیے، آج دوپہر کے طعام لیےدسترخوان پر یہ مزےدار لوازمات چُنیں اور سب کی داد پائیں۔

بنارسی بریانی

اجزاء: بکرے یا گائے کا گوشت ایک کلو (بغیر ہڈی)، پپیتا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، چاول (پکانے سے قبل دھو کرگھنٹے بَھر کے لیے بِھگو دیں)،ایک کلو،پیاز (لچّھے کا ٹ لیں)دو عدد،ٹماٹر (کا ٹ لیں)ایک پاؤ،دہی ایک پاؤ، ادرک ،لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،لال مرچ (کُٹی ہوئی)دو چائے کے چمچ، اچار (مِکس) دو کھانے کے چمچ، قصوری میتھی پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، ثابت گرم مسالا،جس میں بڑی الائچی، دار چینی کا ایک ٹکڑا، پانچ لونگ ، چھے دانے کالی مرچ اور دو تیز پات شامل ہوں،چائنیز نمک ایک چائے کا چمچ،کڑی پتا دس عدد،نمک حسبِ ضرورت،ہری مرچیں دو عدد، زردہ رنگ (پانی یا دودھ میں گھول لیں) حسبِ ضرورت، لیموں دو عدداور تیل حسبِ منشاء۔

سجاوٹ کے لیے: فرائی پیاز،ہرا دھنیا اور پودینا (باریک کاٹ لیں) حسبِ منشاءاور ہری مرچیں دو عدد۔

ترکیب: سب سے پہلے گوشت اچھی طرح دھو کر نمک، ہلدی، ادرک، لہسن، لال مرچ، قصوری میتھی، لیموں کا رس اور پپیتا لگا کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔پھر ایک دوسری پتیلی میں تیل گرم کرکےپیاز فرائی کریں اورگوشت بمع مسالا ،دہی اور ٹماٹرڈال کربھون لیں۔پھرحسبِ ضرورت پانی ڈال کر گوشت گلنے تک پکا کر چولھا بند کردیں ۔

اب ایک پتیلے میں پانی لے کر چولھے پر رکھیں اور اس میں نمک ، ثابت گرم مسالا ڈال کرکے اُبلنے دیں۔ جب پانی کھولنے لگے، توچند پتّے پودینا،کڑی پتّا،ہری مرچیںڈال کر ساتھ ہی چاول بھی شامل کردیں۔ چاول ایک کنی رہ جائیں، تو چولھے سے اُتار کر کسی چھلنی میں چھان کر رکھ لیں۔ اب ایک کھلے مُنہ کے پتیلے میں سب سے پہلے مسالے والا گوشت ڈالیں، پھر ہری مرچیں اور اس کے اوپر اُبلے ہوئے چاول ڈال دیں۔ آخر میں تلی ہوئی پیاز، ہرا دھنیا ، پودینا اورساتھ ہی زردہ رنگ چھڑک کر پندرہ سے بیس منٹ کے لیےدَم پر لگادیں۔ مزے دار ’’بنارسی بریانی‘‘ تیار ہے۔

چکن حلیم

اجزاء: چنے ، ماش، مسور اور مونگ کی دالیں، گندم، چاول اور جَو(یہ اجزاء ایک رات قبل بھگو دیں) ایک ایک چھٹانک، چکن (درمیانے سائز کی بون لیس بوٹیاں) آدھا کلو،ٹماٹر،آدھا پاؤ ،دہی،آدھا پاؤ ، پیاز (درمیانی سائز کے) دو عدد، ہری مرچیں (باریک کاٹ لیں) دو عدد،لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، گرم مسالا آدھا چائے کا چمچ، سفید زیرہ ثابت ایک چوتھائی چائے کا چمچ، کالی مرچ ثابت ایک چوتھائی چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر دو چائے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل آدھا کپ۔

سجاوٹ کے لیے:ہری مرچ ( باریک کاٹ لیں) تین عدد، لیموں (کاٹ لیں)تین عدد، ادرک (باریک کاٹ لیں)ایک انچ کا ٹکڑا،پیاز ( کاٹ کر فرائی کرلیں)دو عدد، پودینا ( باریک کاٹ لیں) آدھی گڈی اورچاٹ مسالا حسبِ منشاء۔

ترکیب: ایک پتیلی میں حسبِ ضرورت پانی لے کر رات بَھر کے بھیگے ہوئے اجزاء،ہلدی اور آدھا چمچ نمک ڈال کر ہلکی آنچ پر تقریباًچار گھنٹے کے لیے پکا کر گھوٹ لیں۔اس دوران ایک پین میں تیل گرم کریں اورپیاز فرائی کرکے اس میں چکن ڈال کر بھون لیں۔ اب اس میں لہسن ،ادرک کا پیسٹ ،دہی، ٹماٹر اور تمام مسالاجات ڈال کراچھی طرح بھون کردو گلاس پانی ڈال کر پکنے دیں۔یہاں تک کہ گاڑھا سا شوربا بن جائے۔ اب دال والے تمام اجزاء شوربے میں ڈال کر دوبارہ گھوٹ لیں، یہاں تک کہ یک جان ہوجائیں۔اب حسبِ ضرورت پانی ڈال کر پکنے دیں اور جس قدر حلیم گاڑھا رکھنا ہو،اُسی مناسبت سے پکا کر چولھا بند کردیں۔ایک باؤل میں چکن حلیم ڈال کر گارنیشنگ کریں اورچپاتی، پوری یاپراٹھے کے ساتھ سَرو کریں۔(ڈول رانی)

اخروٹ پڈنگ

اجزاء: اخروٹ کی گری آدھا کلو، چینی ایک کلو، دودھ آدھا پاؤ،کشمش حسبِ ضرورت، مکھن ایک چھٹانک اور انڈے چار عدد۔

ترکیب: ایک پین میں اخروٹ کی گری چند منٹ بھوننے کے بعد خُوب باریک کرلیں۔پھر مکھن میں مِکس کرکے دوبارہ بھون کر چولھا بند کردیں۔ اب ایک باؤل میں اخروٹ کا مرکب، کشمش ،انڈے کی زردی اور دودھ ڈال کر خوب اچھی طرح پھینٹیں۔اب یہ آمیزہ پڈنگ کے سانچے میں ڈال کر 20سے25منٹ اوون میں 180 درجے پر رکھ دیں۔بعد ازاں،اوون سے نکال کر ٹھنڈا کرلیں۔ (فریدہ،کراچی)