پاکستان کنگ آف کبڈی بن گیا

February 18, 2020

رواں سال کے آغاز میں کھیل کے میدان سے اہم ترین خوش خبری سلطنت کبڈی پر پاکستان کی بادشاہت قائم ہونا ہے، پاکستان نے ورلڈ کپ کبڈی کے فائنل میں بھارت کو41 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دے کر (کبڈی، کبڈی) کنگ آف کبڈی کا اعزاز حاصل کرلیا، بھارتی ٹیم کبڈی ورلڈ کپ سرکل اسٹائل کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی، ملک کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سپر نے فائنل براہ راست نشر کیا،سرکل کبڈی ورلڈ کپ کا آغاز 2010میں بھارت کے شہر لدھیاناسے ہوا، جس میں بھارت پہلے، پاکستان دوسرے نمبر پر رہا، کینڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی، کبڈی ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان زور کا جوڑ پڑا، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو چاروں شانے چت کردیا۔

کبڈی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ بھارت سے باہر پاکستان میں ہوا جس میں آسٹریلیا، اور ایران،جرمنی،کینیا، آذر بائی جان، انگلینڈ، آ سٹریلیا، سری لیون اور دیگر ملکوں کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئے، بھارت نے 2010 ,2011 ,2012 ,2013,2014,2016 میں اپنے ہی میدان میں ہونے والے ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی، پہلی مرتبہ ملک سے باہر مقابلے میں اس کے کھلاڑی بے نقاب ہوگئے، پاکستان نےچار مرتبہ سلور میڈلز جیتا، اس نے2010, 2012, 2013, 2014 میں سلور میڈل جیتا،2011میں پاکستان تیسرے نمبر پرہا، کینیڈا نے2011اور2016میں انگلینڈ نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی تھی، ایران 2014میں تیسری پوزیشن پررہا،2020کے مقابلے پاکستان کے تین شہر لاہور، گجرات اور فیصل آباد میں بھی ہوئے، فائنل میں کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے بھنگڑے ڈ الے۔

شائقین نے کھلاڑیوں کو خوشی میں اپنے کندھوں پر اٹھا لیا۔ اس موقع پر پورا سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔ ایونٹ کےپہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے میچ میں میزبان پاکستان نے ایران کو ہرایا تھا،کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے موقع پر پنجاب پولیس کی جانب سے سکیورٹی کا سخت انتظام دیا گیا تھا۔ 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی پر مامور تھے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ٹیم روٹ اورا سٹیڈیم کی کڑی نگرانی کی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے انعامات تقسیم کئے، ایران نے آسٹریلیا کو مات دے کر برانز میڈل جیتا،فائنل میں بھارتی ٹیم نے اورانتظامیہ نے امپائرز کے فیصلوں پرجان بوجھ کر احتجاج بھی کیا جو کارگر ثابت نہ ہوا، پاکستان کے کپتان محمد عرفان مانا نے کہا کہ ہم قوم کو خوشی دینے میں کامیاب ہوئے، ملک میں ہماری جیت سے اس کھیل کو فروغ ملے گا،بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان نمی گوپال پوریا نے پاکستان کو کھیلوں کیلئے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔

پاکستان آ کر ہمیں بہت اچھا لگ رہا ہے اور یہ کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں اور ہر ملک کی ٹیم کو یہاں آ کر ضرور کھیلنا چا ہئے ہمیں یہاں بہت پیار ملا اور اگر دوبارہ آنے کا موقع ملا تو ہم ضرور آنا چاہیں گے۔صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن نے کہا تھا کہ کچھ دشمن عناصر سازش کر رہے ہیں، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے۔