پاکستان تحریک انصاف (یو اے ای) کی نومنتخب باڈی نے حلف اٹھا لیا

March 02, 2020

سیکرٹری او آئی سی شمولیت کرنے والے افراد کو مفلر پہنا کر خوش آمدید کررہے ہیں

پاکستان تحریک انصاف انٹر پارٹی الیکشن کے نتیجہ میں نئے عہدے داران نے حلف اٹھا لیا ہے، جب کہ سابق صدر عرفان افسر اعوان اور کچھ کارکنان نے نومنتخب باڈی کو تسلیم نہیں کیا۔ میاں اویس انجم پارٹی کے دیرینہ اور مخلص کارکن ہیں۔ انہیں مرکزی قیادت نے ڈپٹی سیکرٹری او آئی سی مڈل ایسٹ مقرر کیا ہے اویس انجم کا کہناہے کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے جو عزت دی ہے اس کے پیچھے مخلص کارکنان اور دوستوں کا ہاتھ ہے۔ میں گلف میں کسی کارکن کو مایوس نہیں کروں گا۔ پی ٹی آئی کو مڈل ایسٹ میں مضبوط بنائوں گا۔ انٹرا پارٹی الیکشن صاف شفاف اور پارٹی پالیسی کے مطابق ہوئے ہیں۔ اب اس پر تنقید ختم ہونا چاہئے۔ وہ جو اعتراضات کررہے ہیں۔ عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے کے لئے ہمارے ساتھ مل کر چلیں اور اگلے انتخابات کی تیاری کریں۔ احتساب اور ڈسپلن کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔

دبئی: ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نومنتخب عہدے داروں سے حلف لے رہے ہیں

پارٹی میں ڈسپلن قائم رکھنا ضروری ہے۔ خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس سے پارٹی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے میرا پی ٹی آئی سے دیرینہ تعلق ہے۔ ممبر سازی کے حوالہ سے میں نے بیش بہا کام کیا ہے۔ نومنتخب عہدے داران گرائونڈ ورک کرکے سامنے آئے ہیں۔ میاں اویس انجم نے ناراض ارکان سے کہا کہ وہ وسیع القلبی کا مظاہر کرتے ہوئے ہمارے ساتھ آئیںاور عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔ پاکستان کے تحفظ اور استحکام کے لئے مل جل کر کام کریں۔ میں مڈل ایسٹ کے دیگر ممالک کا دورہ شروع کرکے وہاں پی ٹی آئی کے نئے یونٹس کا اعلان کردوں گا۔ کچھ ممالک میں تنظیم سازی مکمل کرلی ہے۔

نومنتخب یو اے ای باڈی کا میاں اویس انجم کے ہمراہ گروپ فوٹو

نومنتخب عہدے داران کی تقریب حلف برداری دبئی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ تھے۔ مہمان خصوصی کی آمد پر نومنتخب عہدے داروں نے گلدستے پیش کئے۔ میاں اویس انجم نے نومنتخب عہدے داروں کا تعارف کروایا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے قومی ترانے بجائے گئے۔ تقریب میں ایڈوائز وزیراعلیٰ پنجاب عمر فاروق، رانا شہباز خان نے بھی خصوصی شرکت کی۔ مسز اسماء فاطمہ نے ہدیہ نعت رسول مقبول ﷺپیش کیا۔ تقریب حلف برداری کا اہتمام پی ٹی آئی یو اے ای نے کیا تھا۔

جس میں پی ٹی آ ئی صدر متحدہ عرب امارات خواجہ آصف کلیم، سینئر نائب صدر فرزانہ چغتائی، جاوید اقبال چوہدری، صدر پی ٹی آئی دبئی، سیکرٹری انفارمیشن یاسمین کنول، صبیحہ سیف ، چوہدری امجد امجد، نواز خان جدون، عبدالکریم آفریدی، عزیز اللہ خان، زاہد چوہدری، کلیم بخاری، ملک عادل ندیم، عمران قیصر، امیر غنی، روبینہ وٹو، حلیم شاہ، اسلم سرگانی، چوہدری اظہر، عرفان اکرم، مسز شہناز خانم، عبدالرحمن اور دیگر نے شرکت کی۔ عہدے داروں سے ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے حلف لیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض یاسمین کنول نے ادا کئے۔ عہدے داران کو بتایا گیا کہ آپ کو ایک سال کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

آپ سب مل کر انٹرنیشنل چیئر کے تحت پی ٹی آئی ایجنڈے پر کام کریں گے۔ آپ مرکزی قیادت کی ہدایات اور قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔ نومنتخب صدریو اے ای تحریک انصاف چوہدری جاوید اقبال نے کہا میری ترجیحات میں تعلیم، صحت اور لیبر کلاس کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنا ہے۔ یہاں مقیم پاکستانیوں کے مسائل ارباب اختیار تک پہنچائیں گے۔ اور اسے حل بھی کروائیں گے۔ اوورسیز پاکستانیز کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے میاں اویس انجم ڈپٹی سیکرٹری گلف نے کہا کہ ہم سب نے مل کر عمران خان کے وژن اور مشن کو آگے بڑھانا ہے۔

دیگر نومنتخب عہدے داروں نے عزم کیا کہ وہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اوورسیز پاکستانیز کی آواز بنیں گے۔ مہمان خصوصی ڈاکٹرعبداللہ ریاڑ نے نومنتخب باڈی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا جمہوریت کی اساس انتخابات ہیں۔ جمہوریت کا تقاضا ہے کہ ایک دوسرے کو تسلیم کریں تاکہ جمہوریت کا تسلسل برقرار رہے۔ آپ جو نو منتخب عہدے داران اور افراد موجود ہیں۔ آپ سب کے اندر ایک احساس، تڑپ اور خواہش ہے کہ آپ جس گلی، محلے، اور شہر سے بڑے ہوکر زندگی کی کامیابیوں کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں آپ قوم و ملک کی بہتری دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر تحریک انصاف میں نئی شمولیت کرنے والوں کو مہمان خصوصی نے مفلر بھی پہنائے اور کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا نام دنیا میں عزت و احترام سے لیا جائے گا۔