باورچی خانے پر سوچ سمجھ کر پیسہ لگائیں

March 11, 2020

چاہے آپ ایک بالکل نیا باورچی خانہ تعمیر کروارہے ہیں، پرانے باورچی خانے کو تڑوا کر نئے سرےسے تعمیر کروارہے ہیں یا پھر اس کی تزئین و آرائش کا ارادہ کیا ہے، ایک بات طے ہے کہ اس تمام کام کے لیے ’’اچھی خاصی‘‘ سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے، کیونکہ گھر کے کسی بھی دیگر حصے کے مقابلے میں یہ باورچی خانہ زیادہ توجہ، محنت اور پیسہ مانگتا ہے۔

لہٰذا باورچی خانے کے لیے ہمیشہ درست مٹیریل اور معیاری اپلائنسز کا انتخاب کریں کیونکہ اس سے نہ صرف آپ کو سہولت حاصل ہوگی بلکہ مستقبل میں آپ جب بھی اپنے گھر کو فروخت کرنےجائیں گے تو کچن کی بناوٹ خریدار کو بھی لبھائے گی اور اس طرحآپ کے گھر کی ’’ری سیل ویلیو‘‘ میں اضافہ ہوگا۔

باورچی خانے کی تعمیر ہو یا تزئین و آرائش، اس میں تنصیب کے لیے لائے جانے والے کیبنٹس اور اپلائنسز کی دُرست پیمائش انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ محض ایک غلطی کئی ہزار روپے کے اضافی اخراجات اور وقت کے ضیاں کا باعث بن سکتی ہے۔

ایسے میں نئے سال میں باورچی خانہ کی تزئین و آرائش کا بہترین طریقہ کیا ہوسکتا ہے؟ کیا سفید رنگ کے باورچی خانے اب بھی اسٹائل میںہیں؟ کس طرح کا فرش آئیڈیل رہے گا؟ اگر آپ بھی ان سوالات کے جواب چاہتے ہیں تو آئیے ماہرین کی رائے جانتے ہیں۔

اسمارٹ آغاز

ہیوسٹن میں کام کرنے والی انٹیریئر ڈیزائنر نینسی کاربونی کہتی ہیں کہ باورچی خانے کے معاملے میں جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں، پورے سوچ بچار اور منصوبہ بندی کے بعد درست سمت میں قدم اٹھائیں۔ جلدبازی میں شروع کیا جانے والا کام آپ کو دُگنی مشکل میں ڈال سکتا ہے۔ جب بات باورچی خانے کی تعمیر اور تزئین و آرائش کی آتی ہے تو آپ کو جلد بازی کے بجائے اس سارے عمل سے لطف اندوز ہونا چاہیے۔

وہ مزید کہتی ہیں کہ آپ کو باورچی خانے کی ڈیزائننگ اور انسٹالیشن کا کام کرنے والے ماہرین کے انٹرویو کرنے چاہئیں، جس کے بعد ہی کسی ایسے کنٹریکٹر کو منتخب کریں جو آپ کے ذوق، بجٹ، ٹائم لائن اور وژن کے مطابق بہترین معیار کا کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ آج کے دور میں اچھا باورچی خانہ ایک سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، اس لیے کنٹریکٹر کو اداکیے جانے والے پیسوں کو بھی اس سرمایہ کاری کا حصہ سمجھیں۔

ہر چیز میں ذاتی دلچسپی دِکھائیں

نینسی کہتی ہیں کہ اگر آپ باورچی خانے کے لیے آن لائن خریداری میں دلچسپی رکھتے ہیں تو جلدبازی کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ خریداری سے قبل بہتر یہی ہے کہ چیزوں کو ذاتی طور پر جاکر دیکھیں اور اس کے بعد ہی خریدنے کا فیصلہ کریں۔ تصویر میں کئی چیزوں کے بارے میں آپ درست اندازہ نہیں لگاسکتے۔

ذاتی طور پر جب آپ کسی چیز کو چُھو اور محسوس کرکے دیکھیں گے، تب ہی آپ کو اس کے معیار کے بارے میں درست اندازہ ہوسکے گا۔ آپ یہ بھی کرسکتے ہیں کہ پہلے مارکیٹ جائیں اور مختلف چیزوں کو دیکھیں اور پھر ان چیزوں کو آن لائن خریدیں۔ آپ تھوڑے پیسے خرچ کرکے پہلے رنگ و روغن، ٹائلز اور فلورنگ وغیرہ کے نمونے بھی منگواسکتے ہیں، وہ بھی صرف ا س بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ آپ جو چیز چاہتے ہیں وہی آپ کو مل جائے۔

معیاری کبڈز میں سرمایہ کاری

ایک اور انٹیریئر ڈیزائنر اَمانڈا یم اماٹو کہتی ہیں کہ ایک باورچی خانے میں الماری (Cupboard) پر سرمایہ کاری سب سے اہم ہوتی ہے۔ ’’الماریاں باورچی خانے کا وہ حصہ ہیں، جن کا باورچی خانے میں روزانہ استعمال ہوتا ہے اور انھیں بدلنا آسان نہیں ہوتا (جب تک کہ آپ باورچی خانہ کی مکمل طور پر پھر سے تزئین و آرائش کرنے کا ارادہ کریں)۔ میں اپنے کلائنٹس کو مشورہ دیتی ہوں کہ وہ اپنے بجٹ میں رہتے ہوئے سب سے اعلیٰ معیار کی الماری میں سرمایہ کاری کریں۔ الماریاں ’اسٹائل‘، ’کوالٹی‘ اور ’فنکشن‘ کے لحاظ سے آپ کے ذوق اور ضرورت کے مطابق ہونی چاہئیں۔

اپلائنسز کا انتخاب

اپنے بجٹ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اسمارٹ اپلائنسز کا انتخاب یقیناً ایک اچھا فیصلہ ہوتا ہے۔ باورچی خانے میں استعمال ہونے والے کئی اسمارٹ اپلائنسز میں حیران کن خصوصیا ت ہوتی ہیں جیسے کہ اسمارٹ کچن اپلائنسز میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا جارہا ہے کہ آپ اپنی کہنی کے ٹچ سے بھی انھیں کھول سکتے ہیں۔ اس طرح کے اپلائنسز باورچی خانے میں کام کرنے والے ان افراد کے لیے خصوصاً مددگار ہوتے ہیں، جن کے ہاتھ کھانا پکانے اور سبزیاں اور مسالے تیار کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔

فلورنگ کو ترجیح دیں

انٹیریئر ڈیزائنر کیرین بی وولف کہتی ہیں کہ اکثر لوگ باورچی خانہ تیار ہونے کے بعد فرش کے بارے میں سوچتے ہیں، تاہم ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ وہ کہتی ہیں کہ آج کے دور میں باورچی خانے کے فرش کے لیے ہرچند لکڑی کو پسندیدہ ترین سمجھا جاتا ہے لیکن ٹائلز کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ایک لحاظ سے ٹائلز کو لکڑی پر فوقیت حاصل ہے۔ ’’جب آپ کے ڈِش واشر سے پانی بہنے لگتا ہے یا کوڑے دان سے باورچی خانے کا گیلا کچرا گرنے لگتا ہے تو اس سے خراب ہونے والے ٹائلز کو بآسانی دھوکر پھر سے نیا بنایا جاسکتا ہے، اس کے برعکس لکڑی کا فر ش بہت حساس ہوتا ہے۔

مزید برآں، فرش کے لیے ٹائلز کا انتخاب لکڑی کی میچنگ کا مسئلہ بھی حل کردے گا۔ لکڑی کے فرش کو آپ نے الماری (کبڈز) کی لکڑی سے میچ کرنا ہوگا، جوکہ ایک مہنگا سودا ہوسکتا ہے جبکہ ٹائلز کا فرش آپ کا یہ مسئلہ بھی حل کردے گا۔

لائٹنگ پر توجہ

انٹریئر ڈیزائنرز کا کہنا ہے کہ کچن میں لائٹنگ کا انتظام وانصرام کرتے وقت اسٹائل اور ٹرینڈ کے حوالے سے منصوبہ بندی کرلیں کہ آپ کوکن کن جگہوں پر روشنی کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے ان جگہوں پر لائٹنگ کا انتظام کیجیے، جہاں روشنی کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے۔ اس کے بعد کچن میں سجاوٹ کے پیش نظر آنکھوں کو بھلی لگنے والی روشنیوں کا اضافہ کریں۔