اسٹیٹ بینک کی جراثیم سے پاک کرنسی نوٹ فراہم کرنے کی ہدایت

March 23, 2020

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نوٹوں کے ذریعے کوروناوائرس پھیلنے سے روکنے کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صاف ستھرے اور جراثیم سے پاک نوٹ فراہم کریں، اسپتالوں اور کلینکس سے جمع شدہ کیش علیحدہ کردیا جائے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد جراثیم زدہ کیش کی سرکولیشن روکنا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک میں تمام بینکوں کی برانچیں کھلی رہیں گی جبکہ بینکوں کے کام کرنے کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔

تمام بینکوں کی برانچیں کھلی رہیں گی

اسٹیٹ بینک کے مطابق تمام بینک برانچز صبح 10 بجے کام کا آغاز کریں اور شام ساڑھے 4 بجے بینک بند کردیں۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ تمام بینکوں میں صرف ضروری اسٹاف کےساتھ کام کریں جبکہ بینک میں کورونا کی نشاندہی پر اس برانچ کو فوری بند کردیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ برانچ بند کرنے پر اسٹیٹ بینک کومطلع کیا جائے جبکہ اے ٹی ایم کےذریعےصارفین کوکیش سہولت میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ صارفین کو آن لائن سہولت میں کوئی تعطل نہ ہو جبکہ تمام بینک ملازمین شاختی کارڈ اور بینک کا کارڈ ساتھ رکھیں۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ بینکوں کوکیش پہنچانے والی گاڑیوں میں بیٹھے لوگ بھی شناختی کارڈ اور کمپنی کارڈ ساتھ رکھیں۔