آذر بائیجان سے ’دل دل پاکستان‘ کی دُھن پیش

May 21, 2020

پاکستان میں تعینات آذر بائیجان کے سفیر علی علی زاد نے عالمی وبا کورونا سے لڑنے والے تمام پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آذربائیجانی فنکاروں کی ترتیب دی ہوئی ’دل دل پاکستان ‘ کی دھن پیش کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی علی زاد نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں آذر بائیجان کی مشہور پیانسٹ توران نے پیانو پر مشہور پاکستانی گیت ’دل دل پاکستان‘ کی دھن پیش کی۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ اقدام انہوں نے پاکستان میں عالمی وبا محاذِ جنگ پر موجود لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر اٹھایا ہے۔

علی علی زاد نےاپنے ٹوئٹ میں فنکاروں کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ توران اور ان کی والدہ مائسترو کا شمار آذر بائیجان کے مشہور و معروف فنکاروں میں ہوتا ہے۔

آذر بائیجانی فنکاروں کی جانب سے شاندار پرفارمنس کی ویڈیو سے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین خوب محظوظ ہورہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری میں ایک اہم پیشرفت قرار دے رہے ہیں۔